بجلی اور پانی کے ستائے اورنگی ٹاؤن کے مکین سڑکوں پر آگئے

اورنگی5نمبرکے مکین بجلی کی بندش پرمشتعل،سڑکوں پر ٹائرجلانے اورپتھراؤسے2گھنٹے تک ٹریفک جام رہی۔

نادرا عملے کے غیر اخلاقی رویے پر شہری مشتعل،سائٹ میں احتجاج سے ٹریفک جام ہوگیا،عملے اپنے لوگوں کے کام کررہا ہے ،شہری فوٹو: فائل

اورنگی ٹاؤن کے مشتعل مکینوں نے بجلی اورپانی کی عدم فراہمی پر سڑک بند کرکے کے ای ایس سی کیخلاف احتجاج کیا۔

جس سے ٹریفک جام ہوگیا،سائٹ میں مشتعل شہریوں نے نادرا دفتر کے عملے کے غیر اخلاقی رویے کے خلاف حبیب بینک چورنگی روڈ پر احتجاج کیا،اورنگی ٹاؤن 5 نمبر چورنگی کے اطراف کے رہائشیوں نے بجلی کی عدم فراہمی کے خلاف سڑک بند کرکے ٹائر نذرآتش کیے اور گاڑیوں پر پتھراؤ کیا جس سے کئی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے،احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ بدھ کی رات 9 بجے سے بجلی معطل ہے اور کئی بار شکایت درج کرانے کے باوجود بجلی بحال نہیں کی جارہی جس سے اورنگی ٹاؤن 5 نمبر اور اطراف کے علاقوں میں پانی کی قلت ہوگئی ہے۔

احتجا ج کے باعث سڑک پر ٹریفک جام ہوگیا اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، مظاہرین 2 گھنٹے تک احتجاج کرتے رہے۔




پولیس کی یقین دہانی مشتعل مظاہرین منتشر ہوگئے،دوسری جانب سائٹ حبیب بینک چورنگی کے قریب نادرا دفتر کے عملے کے غیر اخلاقی رویے پر شناختی کارڈ اور دیگر امور کیلیے آنے والے شہری مشتعل ہوگئے۔

مشتعل شہر یوں نے حبیب بینک چورنگی پر نادرا دفتر کے عملے کے خلاف احتجاج شروع کردیا جس حبیب بینک چورنگی پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا، مشتعل مظاہرین نے بتایا کہ وہ صبح سے قطار لگاکر کھڑے ہیں ان کا کام نہیں کیا جارہا عملے کے جاننے والے افراد بغیر لائن اپنا کام کروارہے ہیں قطار میںکھڑے افراد کی باری پر دستاویزات میں نقص نکال کر پریشان کیا جارہا ہے،پولیس کے مطابق سائٹ میں یہ واحد نادرا دفتر ہے جہاں لوگ دور دراز سے شناختی کارڈ اور دیگر دستاویزات بنوانے آتے ہیں اور صبح 7 بجے سے ہی شہریوں کی لمبی قطاریں لگ جاتی ہیں جبکہ نادرا عملے کا کہنا ہے کہ عملہ کم ہے اور شہریوں کا رش زیادہ ہے۔
Load Next Story