ڈی ایچ اے سٹی پر ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہے پروجیکٹ ڈائریکٹر

2016تک مکانوں کی تعمیراور آبادکاری کا عمل شروع ہوجائیگا،بریگیڈیئر محمد رفیق

سپر ہائی وے پر ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی کے زیر تعمیر ڈی ایچ اے سٹی میں تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے ۔ فوٹو : ایکسپریس

ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی کی انتظامیہ کے ایک وفد نے جمعرات کو ڈی ایچ اے کے منصوبے ڈی ایچ اے سٹی کراچی پروجیکٹ کے محل وقوع کا دورہ کیا ۔

اس موقع پرڈی ایچ اے پروجیکٹ ڈائریکٹر بریگیڈیئر محمد رفیق نے کہا کہ ڈی ایچ اے سٹی پر ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہے، 3 ہزار سے زائد عملہ پروجیکٹ کی تکمیل میں شب وروز مصروف عمل ہے، فرنٹیر ورکس آرگنائزیشن اور این ایل سی نے علاقے میں اپنے کیمپ قائم کرلیے ہیں، علاقے میں سڑکوں کی تعمیر کا کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جارہا ہے، منصوبے کے باؤنڈری وال، واچ ٹاورز، سینٹرل انٹرنس گیٹ اور دیگر کام تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں، انھوں نے کہا کہ بنیادی سہولیات کیلیے تعمیراتی کام شروع کیے جاچکے ہیں تاکہ 2015-16تک علاقے میں مکانوں کی تعمیرات اور آبادکاری کا عمل شروع ہوجائے۔




ڈائریکٹر بریگیڈیئر محمد رفیق نے بتایا کہ ڈی ایچ اے سٹی ملک کا پہلا منظم ، مستحکم اور سرسپز رہائشی پروجیکٹ ہے جو انٹرنیشنل ریٹنگ کیلیے امریکا کی ہارورڈ یونیورسٹی میں زیر غور ہے، انھوں نے کہاکہ ڈی ایچ اے سٹی کی انٹرنیشنل کیلنڈر میں متوقع شمولیت کے بعد علاقے میں کثیر تعداد میں بین الاقوامی سرمایہ کاری اور دنیا کے بڑے بڑے تعلیمی، طبی، تجارتی اور تفریحی اداروں کے قیام کے روشن امکانات ہوجائیں گے جس سے اس منصوبے کی تیز رفتار ترقی میں بے حد مدد ملے گی۔

انھوں نے کہاکہ ڈی ایچ اے سٹی کی سائٹ پر 2بلند بالا ونڈ ماسٹ نصب کیے گئے ہیں جو علاقے میں ونڈ ڈیٹا کی مسلسل ریکارڈنگ کررہے ہیں، یہ عمل علاقے میں ونڈ پارک کے قیام میں معاون ثابت ہوگا، علاوہ ازیں علاقے میں شمسی توانائی کی موجودگی کا فائدہ اٹھاکر سولر انرجی سے بھی بجلی پیدا کی جائیگی، بڑے پیمانے پر پاور جنریشن کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے تاکہ ڈی ایچ اے سٹی کو توانائی کے معاملے میں خود کفیل بنایا جاسکے،علاقے میں کثیر تعداد میں اعلیٰ کوالٹی کا زیرزمین پانی ہے جو علاقے میں پانی کی ضروریات کو پورا کریگا۔
Load Next Story