بلدیاتی الیکشن جماعت اسلامی اورتحریک انصاف کا اتحاد

کراچی میں مشترکہ لالحہ عمل اختیار کیا جائیگا، نادر اکمل لغاری اور حافظ نعیم الرحمن میں اتفاق

انتخابی دھاندلی روکنے کیلیے بھی الیکشن کمیشن کے پاس مشترکہ طور پر جائیں گے.

KARACHI:
پاکستان تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کراچی نے اعلان کیاہے کہ کراچی کے عوام کودہشت گردی، بھتہ خوری اورجرائم پیشہ عناصر سے نجات دلانے کیلیے اورعوام کے حقیقی مینڈیٹ پرڈاکہ ڈالنے والوں کے خلاف مشترکہ جدوجہد کی جائے گی اور مجوزہ بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کیلیے مشترکہ لائحہ عمل اختیارکیا جائے گا۔

دونوں جماعتوں کے درمیان مفاہمت اوراتفاق رائے کو وسیع پیمانے پرآگے بڑھایا جائے گا اوراپنی قوت کوایک جگہ جمع کرکے مشترکہ جدوجہد کی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار ادارہ نورحق میں پاکستان تحریک انصاف کے ایک اعلی سطح کے وفد نے صوبائی صدر نادراکمل لغاری اورحفیظ الدین کی قیادت میں امیر جماعت اسلامی کراچی حا فظ نعیم الرحمن اور دیگر رہنمائوں سے ملاقات اورتبادلہ خیال کے بعد مشترکہ پریس بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔




حافظ نعیم الرحمن نے بتایا کہ تحریک انصاف کے وفد نے ہم سے ملاقات کی جس میں ہم نے شہرکراچی کے حالات اور آنے والے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا اور کراچی اورکراچی کے عوام کیلیے ایک نئے عزم کا اظہار کیا ہے ۔ نادر اکمل لغاری نے کہا کہ ہماری ملاقات بہت اچھی رہی اور جماعت اسلامی کی پوری ٹیم کے ساتھ ایک مثبت ملاقات رہی ہم نے اس بات کا بھی فیصلہ کیا ہے کہ انتخابات میں دھاندلی کو روکنے کیلیے الیکشن کمیشن کے پاس بھی ہم مشترکہ طور پر جائیں گے، انھوں نے کہاکہ ہم پیپلز پارٹی کی حکومت کی طرف سے حلقہ بندیوں میں من مانی تبدیلیوں کے خلاف بھی سخت موقف رکھتے ہیں،حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ہماری ملاقات اور مشترکہ جدوجہد کے اعلان سے کراچی کے عوام کو امید کا پیغام ملے گا۔
Load Next Story