ڈاکٹروں اور تاجروں سے بھتہ لینے والے3ملزمان گرفتار اسلحہ برآمد

ایس آئی یو کی گلشن اقبال میں کارروائی، ملزمان کے قبضے سے بھتے کی پرچیاں اور مختلف نیٹ ورک کی100 سمیں برآمد

اورنگی ٹاون سے گرفتار بھتہ خور اور ان سے برآمد کیا جانیوالا اسلحہ (فوٹو ایکسپریس)

اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ پولیس نے گلشن اقبال سے ڈاکٹروں اور تاجروں سے بھتہ لینے والے گروہ کے سرغنہ سمیت3ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ اور بھتے کی پرچیاں برآمد کرلیں۔

سپر مارکیٹ پولیس نے مقابلے کے دوران3منشیات فروش سمیت 4ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی، رینجرز اور پولیس نے ٹارگٹڈ اور سرچ آپریشن کے دوران 66ملزمان کو حراست میں کر ان کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کر لیا ، گرفتار ہونے والوں میں لیاری گینگ وار اور سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شامل ہیں، تفصیلات کے مطابق اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ پولیس نے گلشن اقبال بلاک13-Dمیں کارروائی کرتے ہوئے ڈاکٹر قاسم اور تاجرعبدالصمد سے بھتہ لینے کیلیے آنے والے بھتہ خور گروپ کے سرغنہ عرفان عرف ٹیپو کو اس کے دو ساتھیوں ندیم حسن صدیقی اور راحیل اقبال عرف عدن کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے بھتے کی پرچیاں ، 3 پستول اور مختلف نیٹ ورک کی100 سمیں برآمد کرلیں،ایس آئی یو کے ترجمان انسپکٹر عرفان کے مطابق ملزمان نے ڈاکٹر قاسم اور ہارڈویئر کے تاجر عبدالصمد کو ایک کروڑ اور75لاکھ روپے بھتے کی پرچیوں کے ساتھ نائن ایم ایم پستول کی گولیاں لفافے میں رکھ کر بھیجیں تھیں، ملزمان نے بھتے کی رقم نہ دینے پر قتل کرنے کی دھمکی دی تھی، گرفتار ملزم راحیل ڈاکٹر قاسم کا رشتے دار ہے ،اس نے ہی بھتہ وصول کرنے کی منصوبہ بندی کی تھی ، پولیس ملزمان سے مزید تفتیش کررہی ہے ۔




سپر مارکیٹ پولیس نے لیاقت آباد کے علاقے ایس ایم توفیق روڈ پر مقابلے کے بعد3ملزمان لکشمن لال ، ویر داس اور کنیا لال کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے تین ٹی ٹی پستول ، 3کلو چرس اور مسروقہ سامان برآمد کرلیاجبکہ ایک اور کارروائی میں اشتہاری ملزم موسیٰ عرف ماما کو گرفتار کر لیا گیا، علاوہ ازیں رینجرز انٹیلی جنس ونگ نے لیاری کے علاقے عیدو لین میں شاہد رحمان عرف ایم سی بی والا کے گھر چھاپہ مار کارروائی کی تو وہاں موجود شکیل کمانڈو اپنے تین ساتھیوں سمیت فائرنگ کرتا ہوا فرار ہوگیا ، رینجرز ذرائع کے مطابق رینجرز نے شاہد رحمان کے گھر سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور دستی بم برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

جبکہ کارروائی کے دوران لیاری گینگ وار کے لطیف بلوچ سمیت 3مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا،ایس پی سٹی شہزاد نذیر نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ گارڈن کے علاقے شو مارکیٹ ، گھاس منڈی ، اور لیاری کے اطراف میں قائم علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران ایک سیاسی تنظیم اور لیاری گینگ وار کے 6کارندوں سمیت 20مشتبہ افراد کو حراست میں کر ان قبضے سے اسلحہ برآمد کرنے دعویٰ کیا ہے، رینجرز ترجمان کے مطابق رینجرز نے زمان ٹائون، ماروی گوٹھ، معین آباد ، لانڈھی کیٹل کالونی ، ملیر سٹی ، سکندر گوٹھ ، پاک کالونی ، لیاری ، سندھی مسلم سوسائٹی ، پرانی سبزی منڈی ، ناظم آباد ، فریدی کالونی ، فرنٹیر کالونی ، گلبہار ، عزیز آباد ، خدا داد کالونی ، چنیئسر گوٹھ ، عظیم پلازہ ، شاہ فیصل کالونی میں ٹارگٹڈ آپریشن جبکہ بوٹ بیس ، بن قاسم ، امام بارگاہ سبطین گلشن اقبال اور گڈاپ میں اسنیپ چیکنگ کے دوران 43 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے لائٹ مشین گن، سب مشین گن سمیت مختلف قسم کے ہتھیار برآمد کر لیے۔
Load Next Story