پروٹیز قائد نے ’’اسٹین گن‘‘ کو سب سے مہلک ہتھیار قرار دیدیا

چوتھے ون ڈے میں پاکستانی بیٹنگ میں شگاف ڈالنے کیلیے استعمال کیا، ڈی ویلیئرز

کپتان ڈی ویلیئرز اپنی ’’اسٹین گن‘‘ کی کامیابی پر شاداں ہیں۔ فوٹو: فائل

پروٹیز کپتان ابراہم ڈی ویلیئرز نے ''اسٹین گن'' کو ٹیم کا سب سے مہلک ہتھیار قرار دے دیا، ان کے مطابق پیسرکو پاکستانی بیٹنگ میں شگاف ڈالنے کیلیے استعمال کیا۔

وہ توقعات کے مطابق پرفارم کرتے ہوئے فتح کے اہم کردار ثابت ہوئے، ڈی ویلیئرز نے پاکستان کیخلاف فتح کو اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ کھلاڑی کارکردگی میں نمایاں بہتری لانے میں کامیاب رہے۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ نے پاکستان کی لڑکھڑاتی بیٹنگ پر کاری ضربیں لگاتے ہوئے سیریز میں 3-1کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی، پیر کو آخری میچ سے قبل مہمان ٹیم کے حوصلے مزید جوان نظر آرہے ہیں، کپتان ڈی ویلیئرز اپنی ''اسٹین گن'' کی کامیابی پر شاداں ہیں، انھوں نے کہا کہ ڈیل اسٹین ہمارا سب سے مہلک ہتھیار ہیں، انھیں موقع کے مطابق پاکستانی بیٹنگ میں شگاف ڈالنے کیلیے استعمال کیا، پیسر نے امیدوں پر پورا اترتے ہوئے کامیابی دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔




ڈی ویلیئرز نے کہا کہ ڈی کک کی صلاحیتوں کا ہمیشہ سے معترف رہا، سری لنکا کیخلاف مایوس کن کارکردگی کے بعد انھوں نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے کم عمری میں ہی اپنے مضبوط اعصاب کا ثبوت دیدیا۔ کپتان نے کہا کہ سری لنکا کے ہاتھوں شکست کے بعد کھلاڑی کارکردگی میں نمایاں بہتری لائے، انھوں نے ورلڈکلاس پاکستانی ٹیم کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، ڈی ویلیئرز نے کہا کہ ملک سے باہر کی کنڈیشنز میں فتح کبھی آسان نہیں ہوتی، مجھے اپنی ٹیم کے ہر پلیئر کی کارکردگی پر فخر ہے، ابھی ہم بہترین ٹیم کا درجہ پانے سے خاصے دور ہیں تاہم بہتری کی طرف ایک قدم اٹھا چکے، انھوں نے کہا کہ تیسرے مقابلے میں کامیابی کے بعد ہم خاصے پُرجوش لیکن تھوڑے نروس بھی تھے، کھلاڑیوں نے چوتھے ون ڈے میں شاندار انداز میں صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے فتح پائی۔
Load Next Story