ایشین چیمپئنز ہاکی سابق اسٹارز کو پاکستانی فتح کی امید

فیڈریشن نے پرانے کھلاڑیوں کو جمع کرکے بھیجا، ٹیم فائنل ضرور جیتے، اصلاح الدین

جاپان سے میچ برابر کرنے والی قومی ٹیم فائنل میں اعتماد کے ساتھ کھیلا توکامیابی مقدر بن سکتی ہے،سابق اسٹار۔ز۔فوٹو:فائل

سابق ہاکی اسٹارز نے ایشین چیمپئنز ہاکی میں پاکستانی فتح کی امید ظاہر کی ہے۔

ان کے مطابق ٹائٹل کے حصول سے قوم کے مرجھائے ہوئے چہرے دوبارہ کھل سکتے ہیں، اپنے دور کے عظیم کھلاڑی اور سابق قومی کپتان اولمپئن اصلاح الدین نے کہا کہ پاکستان کو جاپان کے خلاف فائنل ہر حال میں جیتنا چاہیے، فیڈریشن نے پرانے کھلاڑیوں کو جمع کرکے ایونٹ میں بھیجا جبکہ دیگر ممالک نے آئندہ ماہ ہونے والے عالمی جونیئر کپ کی تیاریوں کے لیے نئے اور نوجوان کھلاڑیوں کو میدان میں اتارا،رینکنگ ٹورنامنٹ نہ ہونے کے سبب اس کامیابی سے کوئی فرق نہیں پڑے گا، فیڈریشن نے مستقبل کی پلاننگ کے بجائے تعریف حاصل کرنے لیے ٹورنامنٹ میں شرکت کی، ایک اور سابق قومی کپتان سمیع اللہ نے کہا کہ اتوارکو فائنل میں پاکستان کو کامیابی حاصل کرنی چاہیے،رینکنگ میں ٹیم8 ویں جبکہ جاپان16 ویں پوزیشن پر ہے، میزبان ٹیم ہونے کے ناطے جاپان کو ہوم گرائونڈ اورکرائوڈ کا فائدہ ضرور ہوگا۔




انھوں نے کہا کہ جاپان سے میچ برابر کرنے والی قومی ٹیم فائنل میں اعتماد کے ساتھ کھیلا توکامیابی مقدر بن سکتی ہے، البتہ مستقبل میں بہتر نتائج کے لیے بھارت کی طرح نوجوان کھلاڑیوںکو مواقع دینا ضروری ہے، ایسا لگتا ہے کہ پاکستان ورلڈکپ کی ابتدائی4 ٹیموں میں شامل نہیں ہو پائے گا،ایک اور سابق قومی کپتان اولمپئن حسن سردار نے کہا کہ اگر پاکستان نے اپنی حالیہ کارکردگی کو برقرار رکھااورملنے والے مواقع سے فائدہ اٹھایا تو جیت کا امکان ہے جو قوم کے لیے امید کی کرن بنے گی،حسن سردار نے کہا کہ میرے نزدیک لیگ میچ میں بھارت کو شکست دینا ہی فائنل جیتنے کے مترادف تھا، پاکستان نے اومان، چین اورملائیشیا کے خلاف بھی عمدہ کارکردگی پیش کی، اگر نئے کھلاڑیوں پر محنت کی جائے تو عالمی جونیئر کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں مایوسی کا سامنا نہیںکرنا پڑے گا۔
Load Next Story