1500 پولیس اہلکار تنخواہ سے محرومشیراز کامریڈ بغیر پیشی رہا

محرم کی ڈیوٹی نہیں دینگے، متاثرین کا فیصلہ،شیراز کو لاہور پولیس نے پکڑا تھا،ندیم خان

سندھ پولیس کے 163 ذیلی دفاتر میں ڈی ڈی اکائونٹس ایکٹونہیں کیے گئے۔ فوٹو:فائل

سندھ پولیس کے 1500 سے زائداہلکاروں نے پچھلے 5 ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے کی وجہ سے محرم الحرام کے دوران ڈیوٹی کرنے سے انکارکردیا ہے جبکہ لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار ہونے والالیاری وارگینگ کا اہم کردار شیرازکامریڈ کسی عدالت میں پیش ہوئے بغیرچھوٹ گیا ہے۔

یہ انکشافات ایکسپریس نیوزکے پروگرام تکرار میں میزبان عمران خان نے کیے۔ تنخواہیں نہ ملنے سے متاثرہ پولیس اہلکار نے نام نہ بتانے کی شرط پرٹیلی فون پر بتایا کہ ہمیں پچھلے 5 ماہ سے تنخواہیں نہیں ملیں۔ سندھ پولیس کے 163 ذیلی دفاتر میں ڈی ڈی اکائونٹس ایکٹونہیں کیے گئے جس کی وجہ سے ہزاروں پولیس اہلکار تنخواہ سے محروم ہیں اس کے بارے میں کئی باراعلیٰ حکام کو خطوط بھی لکھے گئے لیکن کسی نے توجہ نہیں دی ۔ پولیس اہلکارکا کہنا تھا کہ 1500 سے زائد اہلکاروں نے فیصلہ کیا ہے کہ اگر ان کی تنخواہ بروقت ادا نہ کی گئی تو ہم محرم الحرام کے دوران ڈیوٹی نہیں دیں گے۔اہلکار نے کہاکہ ہم اتنے مجبور ہوچکے ہیں یا توہم خودکشی کرلیں یا پھرنوکری چھوڑ دیں۔ گھر چلانے کے لیے قرض بھی نہیں مل رہے۔




ایکسپریس نیوزکے رپورٹر ندیم خان نے بتایا کہ لیاری وارگینگ کا ماسٹرمائنڈ شیرازکامریڈکولاہور ایئرپورٹ سے گرفتارکرلیا گیا تھا بعد میں پنجاب پولیس نے اسے سندھ پولیس کے حوالے کیا لیکن سندھ میں کسی عدالت میں پیش نہیں ہوا اور ویسے ہی چھوڑ دیاگیا اسوقت وہ لیاری وارگینگ میں اہم کردار اداکررہا ہے۔ایم کیوایم کے رہنما عبدالرشید گوڈیل نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کو پانچ ماہ سے تنخواہ کا نہ ملنا بہت تکلیف دہ بات ہے ہزاروں لوگ متاثر ہوں گے۔کراچی آپریشن پر اختلاف سہی لیکن اگراس سے کراچی کا امن لوٹتا ہے تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے۔آپریشن کے دوران جو کارکن اٹھائے گئے ہیں وہ لاپتہ ہیں اگرکوئی ملزم ہے توعدالت سے اسے سزادلوائی جائے۔

شیرازکامریڈ کے بارے میں حکومت بہترجواب دے سکتی ہے۔ پیپلزپارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی نے کہاکہ پولیس اہلکاروں کو تنخواہ نہ ملنے کی خبر بہت حیران کن ہے لیکن میں نے ہوم سیکریٹری ممتازشاہ سے پوچھا تو انھوں نے کہاکہ کسی پولیس اہلکارکی تنخواہ نہیں رکی لیکن اگرکوئی ایسا معاملہ ہے تو میں گارنٹی دیتی ہوں کہ معاملہ بہت جلد حل کرلیا جائیگا ۔ویسے میں بتادوں کہ سندھ اراکین اسمبلی کوبھی تنخواہ 4ماہ کے بعد ملی ہے ۔شیرازکامریڈکے بارے میں سیکیورٹی ادارے زیادہ بہتر بتا سکتے ہیں یہاں پر تو پرویزمشرف چھوٹ گئے ہیں ساری دنیا جانتی ہے کہ کیا معاملات ہیں۔رہنماپی ٹی آئی فوزیہ قصوری نے کہاکہ پولیس کوتنخواہیں نہیں مل رہیں تو یہ بہت تشویش کی بات ہے کبھی ایم این ایزیا ایم پی ایزکے فنڈزیا پروٹوکول میں کوئی رکاوٹ نہیں آئی۔
Load Next Story