مولاناعبدالغفوراوران کے بیٹے کے قتل میں ملوث ملزم گرفتار

خواجہ اجمیر نگری پولیس نے قتل کی واردات میں ملوث3ملزمان کو گرفتار کرلیا

ملزم نے کئی وکلا کو بھی قتل کیا ہے۔ فوٹو فائل

KARACHI:
ناظم آباد پولیس نے اہلسنت و الجماعت کے مرکزی رہنما مولانا عبدالغفور اور ان کے صاحبزادے کے قتل میں ملوث ٹارگٹ کلر کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔

ملزم کا تعلق کالعدم مذہبی جماعت سے ہے، خواجہ اجمیر نگری سے بھی قتل میں ملوث 3ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، تفصیلات کے مطابق ناظم آباد پولیس نے ناظم آباد کے علاقے عیدگاہ میں کارروائی کرتے ہوئے ملزم شکیل عباس کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔


ایس ڈی پی او ناظم آباد ڈی ایس پی رستم خٹک نے ایکسپریس کو بتایا کہ ملزم اور اس کے ساتھیوں نے ناظم آباد انو بھائی پارک کے قریب اہلسنت و الجماعت کے مرکزی رہنما مولانا عبدالغفور، ان کے صاحبزادے امیر معاویہ اور دیگر کو فائرنگ کرکے ہلاک کیا تھا جبکہ ملزم قتل کی20سے زائد وارداتوں میں بھی پولیس کو مطلوب تھا۔

ملزم نے کئی وکلا کو بھی قتل کیا ہے، علاوہ ازیں خواجہ اجمیر نگری پولیس نے قتل کی واردات میں ملوث3ملزمان کو گرفتار کرلیا، ایس ایچ او اجمیر نگری چوہدری افضال نے ایکسپریس کو بتایا کہ ملزمان نے22اگست کو نارتھ کراچی میں شفیق نامی نوجوان کو ذاتی دشمنی کی بنا پر فائرنگ کرکے ہلاک کیا تھا، ملزمان کے قبضے سے پولیس نے اسلحہ بھی برآمد کیا ہے۔
Load Next Story