کسی کو نوکری سے نہیں نکالا جائے گا شرجیل میمن تحریک التوا پر یقین دہانی

رینجرز نے بچے کوملزم قرار دے کرقتل کردیا، ثانیہ نازبلوچ، آپریشن کے نام پر پولیس نے غنڈہ گردی مچا رکھی ہے، محمد حسین

حکومت ورکنگ ویمن کیلیے ہاسٹل بھی قائم کرے گی،روبینہ قائمخانی، اشفاق منگی نے4نوجوانوں کے اغوا کا معاملہ اٹھایا فوٹو: فائل

سندھ کے وزیر بلدیات و اطلاعات شرجیل انعام میمن نے پیر کوسندھ اسمبلی میں ایک بارپھر یقین دہانی کرائی کہ محکمہ بلدیات سمیت کسی بھی محکمے سے کسی کو بھی نوکریوں سے نہیں نکالا جائے گا۔

انھوں نے یہ یقین دہانی سندھ اسمبلی میں پیر کو فنکشنل لیگ کی خاتون رکن نصرت سحرعباسی کی تحریک التوا پر کرائی جس میں کہا گیا کہ محکمہ بلدیات سے 13 ہزار ملازمین کو نکالنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا، وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر سکندر میندھرو نے کہا کہ یہ مسئلہ حل ہوچکا ہے کسی کو نہیں نکالا جائے گا، نصرت عباسی نے کہا کہ ایوان کو یقین دہانی کرائی جائے کہ برطرفی کا نوٹیفکیشن منسوخ ہوگیا ہے، اسپیکرآغا سراج درانی نے کہا کہ یہ نوٹیفکیشن غلطی سے پرنٹ ہوگیا تھا، شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ہم آمریت کی گود میں پلنے والے لوگ نہیں، ہم عوامی لوگ ہیں۔

کسی کو بھی کسی صورت میں بے روزگار نہیں کیا جائے گا، اس یقین دہانی پرنصرت سحر عباسی نے اپنی تحریک پر زورنہیں دیا، اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران متعدد ارکان کے تحریری اور ضمنی سوالوں کا جواب دیتے ہوئے صوبائی وزیرسماجی بہبود، خواتین کی ترقی اور خصوصی تعلیم روبینہ سعادت قائم خانی نے کہا ہے کہ نجی اورسرکاری شعبے کی شراکت سے کراچی سمیت صوبے کے مختلف شہروں میں دارالامان قائم کیے جائیں گے۔




حکومت کام کرنےوالی خواتین (ورکنگ ویمن) کیلیے کراچی سمیت مختلف شہروں میں ہاسٹل بھی قائم کرے گی،پیپلز پارٹی کی خاتون رکن ثانیہ ناز بلوچ نے پیر کو سندھ اسمبلی میں 6 سالہ بچے کے قتل کا مسئلہ اٹھایا اور کہا کہ رینجرز نے اس بچے کو گینگ وار کا کارندہ قرار دے کر قتل کردیا، بچے کے اہل خانہ کو انصاف ملنا چاہیے، فنکشنل لیگ کی خاتون رکن نصرت سحر عباسی نے کہا کہ ایک ٹی وی چینل کے نمائندے اصغر تھہیم کو 6 دن قبل لاڑکانہ اور شکارپور کے درمیان اغوا کرلیا گیا،ان کا ابھی تک کوئی پتہ نہیں ۔ متحدہ قومی موومنٹ کے رکن اشفاق احمد منگی نے کہا کہ کوٹ ڈیجی سے 4 نوجوانوں کواغواکرلیا گیا ہے۔

ان کی بازیابی کے لیے ابھی تک کچھ نہیں کیا گیا،ایم کیو ایم کے رکن محمد حسین نے اجلاس میں نقطہ اعتراض پر کہا کہ ٹارگٹڈ آپریشن کے نام پر ہمارے حلقوں میں پولیس نے غنڈہ گردی مچا رکھی ہے، خاص طور پر شفیق تنولی نامی پولیس افسر نے لوگوں کا جینا دوبھر کیا ہوا ہے، پولیس کو لگام دی جائے ورنہ لوگ سڑکوں پر نکل آئیں گے اس کی ذمے داری منتخب نمائندوں پرعائد نہیں ہوگی، انھوں نے کہا کہ ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دی جائے جواورنگی ٹائون کا دورہ کرکے حقائق معلوم کرے، اس پر وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران ایسی کوئی شکایت نہیں ملی،فاضل رکن تحریری طور پرہمیں شکایت کریں اگر کسی کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے تواس کا ازالہ کیا جائے گا اور اگر زیادتی نہیں ہوئی ہے تو بھی ایوان کو بتایا جائے گا۔

سندھ اسمبلی میں پیر کو پیپلز پارٹی کی خاتون رکن ریحانہ لغاری کی حیسکو ٹھٹھہ حکام کے خلاف تحریک استحقاق اسمبلی کی خصوصی کمیٹی کے حوالے کردی گئی ، خصوصی کمیٹی حیسکو کے متعلقہ افسران کو طلب کرکے وضاحت حاصل کرے گی اور اپنی رپورٹ آئندہ اجلاس میں پیش کردے گی،خصوصی کمیٹی سینئر وزیر نثار احمد کھوڑو، سید سردار احمد ، عرفان اللہ خان مروت ، جام مہتاب احمد ڈہر اور اظہار احمد پر مشتمل ہوگی، سندھ اسمبلی میں پیر کو کراچی کے علاقے کلفٹن میں واقع ''کریک وسٹا ''بلڈنگ کے ایک فلیٹ میں محصور خاتون لائبہ بیگ کا معاملہ اٹھایا گیا، تحریک انصاف کے رکن سید حفیظ الدین نے نکتہ اعتراض پر ایوان کو بتایا کہ فلیٹ میں ایک خاتون محصور ہیں،وزیر سماجی بہبود اور ترقی نسواں روبینہ سعادت قائم خانی نے ایوان کو آگاہ کیا کہ میاں بیوی کے جھگڑے کی وجہ سے شوہر نے مذکورہ خاتون کو قید کر رکھا ہے، اجلاس کے بعد میں پولیس کے اعلیٰ حکام سے اس معاملے پربات کروں گی۔
Load Next Story