محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی کوفول پروف بنایا جائے قائم علی شاہ

جلوسوں کے داخلی راستوں پر دھماکا خیز مواد کی نشاندہی کے آلات لگائے جائیں ، پولیس افسران کو وزیر اعلیٰ کی ہدایت

صرف امام بارگارہ شہدائے کربلا انچولی پر ایک وقت میں 100سے زائد سپاہی ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں، پولیس حکام کی جانب سے بریفنگ ۔ فوٹو: فائل

لاہور:
وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شا ہ نے محرم الحرام کا تقدس بحال رکھنے اور عشرہ محرم کے دوران سیکیورٹی کا ازخود جائزہ لینے کے لیے پیر کو شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور وہاں موجود پولیس افسران کو کہا کہ وہ سیکیورٹی کو ہر صورت میں فول پروف بنائیں اور اس سلسلے میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ سندھ کے ساتھ اس دورے میں معاون خصوصی وقار مہدی، کوآرڈینیٹر محمد صدیق ابو بھائی کے علاوہ وزیراعلیٰ ہاؤس کے دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ اس موقع پر مختلف علاقوں میں لوگوں سے باتیں کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ آج کے اس دورے کا مقصد محرم الحرام کے حوالے سے شہر میں سیکیورٹی اقدامات کا خود جائزہ لینا تھا اور وہاں موجود لوگوں سے بھی رائے لینی تھی کہ آیا وہ ان انتظامات سے مطمئن ہیں یا نہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے موقع پر موجود پولیس افسران سے کہا کہ محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی کوفول پروف بنایا جائے۔

انھوں نے کہا کہ امام بارگاہوں، مساجد اور خصوصاً ماتمی جلوسوں کے داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹس، دھماکا خیز مواد و آتشی ہتھیاروں کی نشاندہی کے آلات لگائیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ایک سوال پر کہا کہ 9 اور 10محرم کو موٹرسائیکل ڈبل سوار ی پر پابندی لگانے کے لیے ان سے شہریوں کی جانب سے مسلسل مطالبات کیے جا رہے ہیں جوکہ ایک اچھی بات ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کراچی کے شہری ہر صورت امن و امان چاہتے ہیں۔




انھوں نے کہا کہ 9،10محرم کو ان کی نظر میں موٹر سائیکل پر ڈبل سواری پر پابندی ہونی چاہیے۔ دورے کے دوران وزیراعلیٰ سندھ کئی مقامات پر گاڑی سے اتر کر پید ل چلے اور سیکیورٹی کا جائزہ لیا اور امام بارگاہوں و مساجد میں جا کر وہاں موجودعلما اور لوگوںسے سیکیورٹی انتظامات کے بارے میں سوالات کیے اور معلومات لی۔

ان سے پوچھا کہ کیا آپ حکومت کی جانب سے کیے گئے سیکیورٹی انتظامات اور شہری سہولیات سے مطمئن ہیں ۔ جس کے جواب میں تقریباً تمام لوگوں نے مثبت انداز میں جواب دیا اور اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔ شہدائے کربلا امام بارگاہ انچولی کے پاس خیرالعمل ٹرسٹ کے منتظمین نے وزیراعلیٰ سندھ سے بجلی کی فراہمی کے بارے میں شکایات کیں، وزیراعلیٰ نے کے ای ایس سی کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ محرم الحرام کے دوران امام بارگاہوں میں خصوصاً رات کے وقت لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کے اپنے وعدے پورا کریں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت اقدام تجویز کیا جائے گا ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ایڈمنسٹریٹر کراچی اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ امام بارگاہوں و مساجد میں فراہمی و نکاسی آب یقینی بنائیں اور صفائی ستھرائی بھی کی جا ئے۔

Recommended Stories

Load Next Story