تبلیغی اجتماع سے واپسی پر حادثہ بس الٹنے سے جاں بحق3نوجوانوں کی تدفین

جامشورو کے قریب ٹریفک حادثے میں نارتھ کراچی سیکٹر 11 سی کے رہائشی3نوجوان نعمان،سعد اﷲ اور فہد جاں بحق ہوگئے تھے

نماز جنازہ میں سیکڑوں افراد کی شرکت،ایک ساتھ جنازے اٹھنے پر علاقے کی فضا سوگوار ہوگئی فوٹو : ایکسپریس

WASHINGTON:
جامشورو کے قریب ٹریفک کے المناک حادثے میں جاں بحق ہونے والے نارتھ کراچی کے 3 افراد کو سپرد خاک کر دیا گیا اس موقع پر متوفین کے اہلخانہ شدت غم سے نڈھال ہوگئے۔

جامشورو سپر ہائی وے چوکی نمبر13 کے قریب پیر کو ٹریفک کے المناک حادثے میں رائے ونڈ کے اجتماع سے کراچی آنے والی بس نمبر PA-0462 الٹنے کے نتیجے میں نارتھ کراچی سیکٹر 11 سی ون کے رہائشی 3 افراد نعمان ، سعد اﷲ اور فہد جاں بحق ہوگئے تھے جن کی میتیں پیر کی شب ان کی رہائش گاہ پہنچیں تو کہرام مچ گیا، جاں بحق سعد اﷲ کی نماز جنازہ گھر کے قریب واقع جامع مسجد مدنی میں بعد نماز فجر ادا کی گئی جبکہ جاں بحق نعمان کی میت اس کی رہائش گاہ سیکٹر 11 سی ون لطیف نگر مکان نمبر R-112 سے اٹھائی گئی۔




اس موقع پر نعمان کے رشتے دار ، دوست احباب اور اہل محلہ کی بڑی تعداد جمع تھی جبکہ آدم ٹاؤن یوپی موڑ کے قریب رہائش پذیر فہد کی میت اٹھائی گئی تو کہرام برپا ہوگیا دونوں متوفین کی میتیں جامع مسجد مدنی لائی گئیں جہاں بعد نماز ظہر ان کی نماز جنازہ ادا کی گئی،بعدازاں نعمان اور فہد کی میتیں نارتھ کراچی سیکٹر 7 ڈی ون میں واقع شاہ محمد قبرستان لے جائی گئیں جہاں دونوں کو سیکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں آہوں اور سسکیوں کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا، متوفی نعمان کے بزرگ والد نے اپنے ہاتھوں سے نوجوان بیٹے کی میت کو قبر میں اتارا،متوفی نعمان کمسن بیٹے کا باپ تھا جبکہ فہد بھی ایک سالہ بچے کا باپ اور شارع فیصل پر واقع نجی کمپنی کا ملازم تھا، نارتھ کراچی سیکٹر 11 سی ون سے 3 جنازے اٹھنے پر علاقے میں سوگ کی فضا قائم رہی جبکہ متوفین کے گھروں پر تعزیت کے لیے آنے والوں کا تناتا بندھا رہا۔
Load Next Story