ورلڈ ٹور فائنلز جوکووک نے ٹرافی قبضے میں کرلی

اعزازکا دفاع کرنے والے آٹھویں پلیئر بن گئے،فائنل میں رافیل نڈال کو اسٹریٹ سیٹس میں پچھاڑا

اے ٹی پی ورلڈ ٹور فائنلز کے فاتح نووک جوکووک اوررنر اپ رافیل نڈال ٹرافیز کے ہمراہ،فائنل میں سربیئن اسٹارنے اسپینش حریف کواسٹریٹ سیٹس میں شکست دی۔ فوٹو: اے ایف پی

GUJRANWALA:
نووک جوکووک نے رافیل نڈال کو پچھاڑ کر ایک بار پھر ورلڈ ٹور فائنلز کی ٹرافی قبضے میں کرلی۔

عالمی نمبر 2 کھلاڑی نے سیزن کا اختتامی ٹائٹل تیسری مرتبہ جیتا، وہ کامیابی سے ٹور فائنلز کا دفاع کرنے والے آٹھویں پلیئر بن گئے، ڈبلز فائنل میں ڈیوڈ ماریرو اور فرنانڈو ورڈاسکو فاتح رہے، برائن برادرزکو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ تفصیلات کے مطابق سربیا کے نووک جوکووک نے ایک مرتبہ پھر اے ٹی پی ٹور فائنلز میں دفاعی چیمپئن کی حیثیت برقرار رکھی،انھوں نے عالمی نمبر ون رافیل نڈال کو اسٹریٹ سیٹس میں 6-3 اور 6-4 سے پچھاڑ دیا، جوکووک یو ایس اوپن فائنل میں اسپینش پلیئر سے ہار کے بعد سے مسلسل 22 میچز جیت چکے،26 سالہ ٹینس پلیئر نے نڈال کی 2013 کی طویل ترین ناقابل شکست سیریز فتح کو بھی برابر کردیا۔2 برس قبل جانکو تپسروچ سے ہارنے کے بعد لندن کے او ٹو ارینا میں 10 میچز کی جیت کے ساتھ اب جوکووک نے نڈال کو 19 فائنلز میں 10 مرتبہ زیر کرلیا ہے۔




اپنی کوچنگ ٹیم کو سراہتے ہوئے انھوں نے کہاکہ میں اگرچہ کورٹ میں اکیلے ہی کھیل رہا تھا لیکن یہ بڑی کامیابی مجھے کئی لوگوں کی وجہ سے حاصل ہوئی،2010 میں راجر فیڈرر سے ہارنے کے بعد سے نڈال کیلیے ٹور فائنلز کے فائنل میں یہ دوسری ناکامی ہے ۔ اگرچہ وہ فائنل ہار گئے مگر یہ شکست گھٹنے کی انجری کے بعد نڈال کی 10 ٹائٹل فتوحات کو کم نہیں کرسکتے،اس میں گذشتہ 10ماہ کے دوران فرنچ اور یو ایس اوپن کامیابیاں بھی شامل ہیں۔ جوکووک کو مبارکباد دیتے ہوئے نڈال نے کہاکہ آپ ایک عظیم کھلاڑی ہیں اور جیت کے حقدار تھے، انھوں نے کہا کہ یہ اب بھی میرے کیریئر کے بہترین سیزنز میں سے ایک ہے، لندن میں کھیلنا میرے لیے منفرد تجربہ رہا،آئندہ برس فتح کا متلاشی ہوں گا۔ ادھر مینز ڈبلز فائنل میں اسپین کے ڈیوڈ ماریرو اور فرنانڈو ورڈاسکو نے امریکی برادران باب برائن اور مائیک بران کو7-5 ، 6-7 (3/7) اور 10-7 سے شکست کا مزہ چکھا دیا۔p>
Load Next Story