کراچی بارکوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی میں خورد برد کا انکشاف

سوسائٹی کے عملے نے وفات پانے والے وکلا کے پلاٹ اپنے عزیز و ں کو الاٹ کرادیے ہیں، محمود قریشی ایڈووکیٹ

سوسائٹی کے عملے نے وفات پانے والے وکلا کے پلاٹ اپنے عزیز و ں کو الاٹ کرادیے ہیں، محمود قریشی ایڈووکیٹ فوٹو فائل

کراچی بار ایسوسی ایشن کوآپریٹوہائوسنگ سوسائٹی کی ابتدائی تحقیقات میں کروڑں روپے کی خوردبرد کا انکشاف ہوا ہے ۔

وفات پانے والے وکلا کے پلاٹ اپنے عزیزواقارب اور دوستوں کو جعلی سیل ایگریمنٹ کے ذریعے الاٹ کردیے گئے ہیں، ہائوسنگ سوسائٹی میں مسجد کی تعمیر میں33لاکھ روپے سے زائد رقم خوردبرد کرلی گئی ہے ، ہائوسنگ سوسائٹی کی انتظامیہ کے خلاف کارروائی کیلیے رجسٹرار کوآپریٹوہائوسنگ سوسائٹی کودرخواست دیدی گئی ہے مزید تحقیق جاری ہے۔

ملوث افراد کے خلاف نیب اور اینٹی کرپشن میںمقدمات درج کیے جائیں گے، تفصیلات کے مطابق پیر کو کراچی بار ایسوسی ایشن کوآپریٹوہاسنگ سوسائٹی کے جنرل سیکریٹری محمود احمد قریشی ایڈووکیٹ نے بتایا کہ انھوں نے مئی 2012 میں جنرل سیکریٹری کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔


سوسائٹی کا چارج لینے کے بعد تحقیقات کی تو چند ماہ کی تحقیقات سے مذکورہ ہائوسنگ سوسائٹی کی انتظامیہ میں شامل افضال ، محمد شفیق ، محمد متین ، مشہود ، خواجہ انجینئر اور کلرک فیاض احمد سمیت دیگر افراد سوسائٹی کے کروڑں روپے کے فراڈ میں ملوث پائے گئے ہیں ،سابق انتظامیہ نے ہائوسنگ سوسائٹی کے فنڈ سے لاکھوں روپے خوردبرد کرلیے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ چند ماہ قبل تمام ممبران سوسائٹی نے فی کس ایک ہزار روپے جمع کرائے تھے سوسائٹی کے فنڈ میں 12 لاکھ روپے جمع تھے لیکن مذکورہ افراد نے بینک میں صرف5لاکھ روپے جمع کرائے باقی 7لاکھ روپے خوردبرد کرلیے گئے ہیں، انھوں نے بتایا کہ وکلا کے 1100 پلاٹ ہیں جس میں سے انھوں نے 25 پلاٹ خوردبرد کرکے انھیں فروخت کردیا ہے اور لاکھوں روپے ہڑپ کرلیے ہیں جبکہ 5وکلا وفات پاچکے ہیں۔

جن کے الاٹ شدہ پلاٹ انھوں نے اپنے عزیزواقارب اور دوستوں کو جعلی سیل ایگریمنٹ کے ذریعے الاٹ کردیے ہیں اس کے علاوہ ہائوسنگ سوسائٹی میں مسجد کی تعمیر کے لیے 60لاکھ روپے کے اخراجات ظاہر کیے ہیں جب مسجد کا معائنہ کیا گیا تو مسجد کی تعمیر ہی نہیں کی گئی صرف چھوٹے چھوٹے 6 ستون تیار کیے گئے تھے جس پر چند لاکھ روپے لاگت آئی ہے انھوں نے اس مد میں 33لاکھ روپے سے زائد رقم ہڑپ کرلی ہے۔

انھوں نے بتایا کہ ابتدائی تحقیق میں کروڑوں کی خوردبرد سامنے آئی ہے مزید تحقیق جاری ہے ان افراد کے خلاف رجسٹرار کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی کو درخواست دی ہے جبکہ ایک ہفتے میں تحقیق مکمل کرکے ملوث ملزمان کے خلاف اینٹی کرپشن اور نیب میں مقدمات درج کرائیں گے۔
Load Next Story