9اور10محرم کو صفائی کے کام میں غفلت برداشت نہیں کرینگے شرجیل میمن

امن کیلیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں، جلوسوں اور عزاداری کے مقامات پر صفائی کے خصوصی انتظامات کیے جائیں، شرجیل میمن

دونوں دن بجلی کی لوڈشیڈنگ کامکمل خاتمہ کیا جائے،سندھ کے وزیر بلدیات اور اطلاعات کی اعلیٰ سطح کے اجلاس میں ہدایت فوٹو: فائل

سندھ کے وزیر بلدیات اور اطلاعات شرجیل انعام میمن نے ایڈمنسٹریٹر کراچی، ایم ڈی واٹر بورڈاور سیکریٹری بلدیات سمیت تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ9اور10محرم الحرام کے دوران شہر میں ہونیوالی تمام مجالس، جلوسوں اور عزاداری کے مقام پر صفائی ستھرائی کے خصوصی انتظامات کیے جائیں اور تمام محافل میںپانی کی فراہمی سمیت تمام ضروریات کو یقینی بنایا جائے۔

انھوں نے کے ای ایس سی کی انتظامیہ کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ ان ایام کے دوران شہر بھر میں لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ کرے اور تمام مجالس اور جلوسوں میں کے ای ایس سی کی گاڑیوں کو اسٹینڈ بائی رکھا جائے تاکہ بجلی کی بندش کی صورت میں فوری طور پر بجلی بحال کی جاسکے، وہ بدھ کو اپنے دفتر میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے، صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کراچی سمیت صوبے بھر میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور کسی بھی قسم کی دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے پولیس ، رینجرز اور امن و امان کی بحالی کے دیگر اداروں کو انتہائی چوکس کردیا گیا ہے اور پاک فوج کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں۔




انھوں نے کہا کہ محرم الحرام کے ان ایام کے دوران ایڈمنسٹریٹر کراچی اور تمام اضلاع کے میونسپل افسران اپنے اپنے اضلاع میں صفائی کے خصوصی انتظامات کو یقینی بنائیں اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، انھوں نے ایم ڈی واٹر بورڈ کو بھی ہدایت کی کہ وہ شہر میں منعقدہ مجالس اور جلوسوں میں پانی کی فراہمی کے لیے خصوصی انتظامات کو یقینی بنائیں، صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت صوبے میں قیام امن کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور یوم عاشور سے قبل کراچی میں بڑے پیمانے پر دہشت گردوں کی گرفتاری اس بات کی دلیل ہے کہ کراچی سمیت صوبے بھر میں امن و امان کے قیام کے ادارے متحرک ہیں، انھوں نے کہا کہ حکومت محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورت حال کو مکمل کنٹرول کرنے کے لیے کوشاں ہیں، عوام، علما اور مذہبی جماعتوں کے رہنما بھی اس میں اپنا کردار ادا کریں۔
Load Next Story