ٹنڈولکر کا ریکارڈ ٹیسٹ ویسٹ انڈیز بھارتی اسپن جال میں پھنس گیا

ایشون نے 3 پلیئرز کو پویلین واپس کیا، دھونی الیون کے جوابی اننگز میں 2 وکٹ پر 157، ماسٹر بیٹسمین 38 پر ناقابل شکست

ممبئی: کیریئر کا اختتامی اور ریکارڈ 200ویں ٹیسٹ میں بیٹنگ کیلیے سچن ٹنڈولکر کی میدان میں باوقار آمد۔ فوٹو: بی سی سی آئی

سچن ٹنڈولکر کے ریکارڈ 200 ویں ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز بھارتی اسپن جال میں پھنس گیا، ٹاس ہارنے والی مہمان ٹیم پہلی باری میں 182 تک محدود ہوگئی۔

دھونی الیون نے پہلے دن کے اختتام پر جوابی اننگز میں 2 وکٹ پر 157 رنز جوڑلیے، کیریبیئن سائیڈ کی برتری اب محض25رنز رہ گئی، بھارتی ٹیم نے تین کیچز ڈراپ بھی کیے لیکن اس کے باوجود دن کے دوسرے سیشن میں آٹھ وکٹیں لیکر حریف کی بساط لپیٹ دی، جس میں 7 شکار بھارتی اسپنرز پراگیان اوجھا اور روی چندرن ایشون نے کیے، اوجھا نے 5 جبکہ ایشون نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا، میچ کے پہلے دن شائقین کی خواہش برآگئی اور ٹنڈولکر بیٹنگ کیلیے میدان میں آگئے، وہ ابھی 38 پر ناٹ آؤٹ ہیں، ان کے ساتھ وکٹ کے دوسرے اینڈ پر موجود چیتشور پجارا نے 34 رنز اپنے نام درج کرائے ہیں۔


تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کا ابتدائی دن بھارتی کپتان دھونی کیلیے خوش قسمت رہا، ٹاس جیتنے کے بعد ان کی جانب سے بولنگ کا فیصلہ بھی درست ثابت ہوا، اگرچہ ابتدائی سیشن میں بھارتی اسپنرز کو وکٹ سے خاص مدد نہیں ملی تاہم دوسرے سیشن میں میزبان سلو بولرز حریف بیٹسمینوں پر مکمل طورپر حاوی دکھائی دیے، مہمان ٹیم 55.2 اوورز کے کھیل میں 182 پر آؤٹ ہوگئی، وانکھیڈے اسٹیڈیم میں ابتدائی دن ریکارڈ 200واں ٹیسٹ کھیلنے والے ٹنڈولکر کی باتوں کاغلبہ رہا، اوجھا نے شینن گیبرئیل کو دھونی کی مدد سے آؤٹ کرکے اپنے کیریئر میں چھٹی مرتبہ پانچ شکار کرنے کا کارنامہ انجام دیا، ویسٹ انڈیز نے لنچ سے قبل دو وکٹ کے نقصان پر93 رنز بنائے تھے۔



دھونی کے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کے فیصلے پر اسٹیڈیم میں موجود شائقین نے کچھ ناراضی کا اظہار کیا، تاہم دوپہر کے سیشن میں انھیں یہ فیصلہ درست لگنے لگا، حریف ٹیم کی اختتامی 8 وکٹیں ٹوٹل میں 89 رنز کا اضافہ ممکن بناسکیں، کیرون پاول (48) کو لنچ کے فوری بعد اوجھاکی گیند پر شارٹ لیگ پوزیشن پر دھون نے کیچ کیا، کیریئر کا 150واں ٹیسٹ کھیلنے والے شیونرائن چندرپال 25رنز بناکر میدان بدر ہوگئے، انھیں بھونیشور کمار نے سیکنڈ سلپ میں ایشون کی مدد سے جکڑلیا، چھ وکٹ پر 162 پر کپتان ڈیرن سیمی بھی اونچا اسٹروک کھیلنے کی غلطی کربیٹھے، جس پر آسان کیچ روہت شرما کے ہاتھوں محفوظ ہوگیا، ویسٹ انڈین اوپنر کیرون پاول (48 ) اور ڈیرن براوو(29) رنز بناسکے، ان کے درمیان 62 رنز کی شراکت بنی، خطرناک کرس گیل (11) کو محمد شامی احمد نے ٹھکانے لگایا، پاول کو بھونیشور کی گیند پر 21 کے انفرادی اسکور پر چانس ملا، ان کا کیچ سیکنڈ سلپ میں ایشون سے ڈراپ ہوا، اس کے علاوہ بھی بھارتی فیلڈرز نے مزید دو کیچز ڈراپ کیے۔
Load Next Story