فرقہ وارانہ ہلاکتیں انٹیلی جنس کی ناکامی ہے صدیق الفاروق

میڈیا اور علما کردار ادا کریں، شرمیلا، تمام مکاتب فکر کو اکٹھا کیا جائے، مولانا طاہر اشرفی

میڈیا اور علما کردار ادا کریں، شرمیلا، تمام مکاتب فکر کو اکٹھا کیا جائے، مولانا طاہر اشرفی (فوٹو : فائل )

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ترجمان صدیق الفاروق نے کہاہے کہ مذہب سراسر عقل ہے اور اسلام توازن سکھاتا ہے۔

پروگرام فرنٹ لائن میں اینکر پرسن اسد اللہ خان سے گفتگو میں انھوں نے کہاکہ فرقہ وارانہ ہلاکتیں انتہائی افسوسنا ک اور انٹیلی جنس کی ناکامی ہے۔ ہماری انٹیلی جنس ایجنسیوں کو بہتر وسائل اور منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔ کچھ لوگ جذباتی ہوکر ہر ڈاڑھی والے کو مذہبی عالم سمجھ رہے ہیں۔ فرقہ واریت بہت سنگین اور کسی ایک جماعت کا نہیں ساری جماعتوں اور پاکستان کا مسئلہ ہے۔

پیپلزپارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی نے کہاکہ خدا کے لیے یہ مت کہیں کہ شیعہ یا سنی یا بریلوی مارے جارہے ہیں، یہ سب پاکستانی ہیں اور پاکستانیوں کو ماراجارہا ہے۔ دہشت گرد چاہتے ہیں کہ ہم آپس میں لڑیں۔ میڈیا علماء کرام اور اساتذہ کو چاہیے کہ وہ اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ حکومت نے اب تک 922 دہشت گردوں کو گرفتار کیا لیکن عدالت نے انھیں چھوڑ دیا جنھیں چھوڑا گیا، وہ دم درود تو کر نہیں رہے،


وہ ایسے ہی ملک دشمن کارروائیوں میں ملوث ہوں گے۔ جب عدالت وزیراعظم کو گھر بھیج سکتی ہے تو دہشت گردوں کے بارے میں اتنا نرم رویہ کیوں ہے؟ اگر کہیں تحقیقاتی معاملات میں کمی ہے تو کمیشن بنا دیں۔ چیئرمین پاکستان علماء کونسل مولانا طاہر اشرفی نے کہاکہ ہرروز پاکستانیوں کا پاکستان میں قتل ہورہا ہے اور حکومت خاموش ہے ۔

حکومت کو چاہیے کہ تمام مکتبہ فکر کو اکٹھا کرکے بٹھائیں۔ کوئی بھی ان ہلاکتوں کی حمایت نہیں کرے گا۔ تحریک انصاف کی رہنما نازبلوچ نے کہاکہ ہم حکومت میں نہیں لیکن حکومت والے کام کررہے ہیں ۔کراچی خیبرپختونخواہ اور کوئٹہ میں ہلاکتیں المناک ہیں اس سے حکومت کی ناکامی ظاہر ہوتی ہے ۔ چیف جسٹس سے اپیل ہے کہ وہ ملک میں فرقہ واریت کا سوموٹو نوٹس لیں۔

 
Load Next Story