آمنہ الیاس کی فلم ’’گڈ مارننگ کراچی‘‘ ساؤتھ ایشین فلم فیسٹیول میں پیش کی جائیگی

صبیحہ سومرکی ہدایتکاری میں تیارہونے والی فلم میں صبا پرویز، سویرا ندیم، چائلڈ اسٹارآفاق اوریاسرنے بھی پرفارم کیا ہے.

کرداروں میں حقیقت کارنگ بھرنا سب سے مشکل ہے، چیلنجنگ رول میں حقیقت کے رنگ بھرکراپنی منفرد پہچان بنانا چاہتی ہوں،آمنہ الیاس۔ فوٹو: فائل

پاکستان فیشن انڈسٹری کی سُپرماڈل اور اپنی بہترین فنکارانہ صلاحیتوں سے فلم بینوں کی توجہ کا مرکز بننے والی اداکارہ آمنہ الیاس کی نئی فلم ''گڈ مارننگ کراچی'' امریکہ میں ہونے والے ''سائوتھ ایشئن فلم فیسٹیول'' میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

اس موقع پرفلم کی پوری ٹیم آئندہ ماہ نیویارک روانہ ہوگی جب کہ فلم کو آئندہ برس پاکستانی سینما گھروںمیںنمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق فلم میں آمنہ الیاس مرکزی کردارکرتی دکھائی دیں گی جب کہ ان کے مدمقابل پاکستانی نژاد برطانوی ماڈل اور اداکارعطاء یقوب ہوں گے۔ فلم کی دیگر کاسٹ میں اداکارہ صبا پرویز، سویرا ندیم، چائلڈ اسٹارآفاق اوریاسرشامل ہیں۔ دوسری جانب فلم کی ڈائریکٹر صبیحہ سومرہیں جواس سے پہلے بھی یورپ، امریکہ اوردیگرممالک میں ہونے والے فلم فیسٹیولز کے لیے فلمیں ڈائریکٹ کرچکی ہیں جب کہ انھوں نے پاکستان کے لیے آسکر حاصل کرنے والی ڈاکومنٹری فلم ''سیونگ فیس'' کو پروڈیوس بھی کیا ہے۔ واضح رہے کہ ''گڈ مارننگ کراچی'' اس سے قبل یورپی ممالک میں ہونے والے'' گوٹے برگ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول '' اور''سان فرانسیکو فلم فیسٹیول''میں بھی نمائش کے لیے پیش کی جاچکی ہے۔

اس موقع پر لوگوں کی کثیر تعداد نے فلم کو دیکھا اور فنکاروں، ڈائریکٹر اور تکنیکی ٹیم کے کام کو بہت سراہا۔ فلم میں مرکزی کردارادا کرنے والی خوبروماڈل اور اداکارہ آمنہ الیاس نے اس سلسلہ میں ''نمائندہ ایکسپریس'' سے گفتگوکرتے ہوئے بتایا کہ فنی سفر توماڈلنگ سے شروع ہوا لیکن اداکاری میں ملنے والے رسپانس کو مدنظررکھتے ہوئے اچھوتے کرداروں میں حقیقت کے رنگ بھرنا میرا مشن ہے۔ میرے نزدیک کوئی بھی فلم آرٹ اور کمرشل نہیں ہوتی۔ فلم توبس فلم ہوتی ہے جس کے ذریعے لوگوںکو انٹرٹین کرنے کے ساتھ کوئی پیغام پہنچانا ہمارا کام ہے لیکن پھر بھی اگراس فلم کوآرٹ اورکمرشل فلم میں تقسیم کرنا ضروری ہے تواس فلم میں ہرطرح کے لوگوںکو انٹرٹین کرنے کے لیے بہت کچھ ہے۔ فلم میں جہاں سنجیدہ پہلواجاگرکیے گئے ہیں وہیں فلم میں گیت بھی شامل ہیں۔ ''گڈمارننگ کراچی'' کی کہانی کراچی میں بسنے والوںکی زندگی پر ہے۔




فلم میں جہاں اہم سماجی مسائل کواجاگر کیاگیا ہے، وہیں روشنیوں اورقائد کا شہرکہلوانے پاکستان کے سب سے بڑے شہرکی اچھائیاں بھی دکھائی گئی ہیں۔ فلم کو بین الاقوامی معیار کے عین مطابق بنانے کے لیے ہالینڈ سے ٹیم کا انتخاب کیاگیا تھا۔ جہاں تک بات میرے کردار کی ہے توفلم کی کہانی میرے گرد ہی گھومتی ہے۔ یہ ایک عام سی لڑکی کی کہانی ہے جواپنے گھر سے باہر نکلتی ہے تواس کو کس طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس فلم میں ہر اس لڑکی کواپنا عکس دکھائی دے گا جوسکول، کالج اوریونیورسٹی میں پڑھتی ہے، روزگار کے لیے گھرسے نکلتی ہے۔ اس دوران کیا کیا ہوتا ہے وہ سب کچھ فی الحال نہیں بتائوں گی کیونکہ جب فلم نمائش کے لیے سینماگھروںکی زینت بنے گی اس وقت ہی اس کی اصل کہانی سامنے آئے گالیکن میں صرف اتنا بتانا چاہتی ہوں کہ یہ ایک بین الاقوامی معیارکی فلم ہے جس کوبنانے کے لیے ہم سب نے بہت محنت کی ہے۔ فلم کی کہانی، میوزک اوردیگرتکنیکی کام بہت شاندارہے۔ اس فلم کو بیرون ممالک ہونے والے فلم فیسٹیولزمیںبے حد اچھا رسپانس ملا ہے اوراب ہم اسے نیویارک میں آئندہ ماہ ہونے والے ''سائوتھ ایشیئن فلم فیسٹیول'' میں نمائش کے لیے پیش کرنے جارہے ہیں۔

اس موقع پرسائوتھ ایشیئن ممالک کی مزیدفلمیں بھی فیسٹیول میں دکھائی جائیں گی اس لیے خاصا سخت مقابلہ ہوگا مگر ہم سب اپنے کام سے بہت پُرامید ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں آمنہ الیاس نے بتایا کہ فیشن انڈسٹری نے مجھے نام اورمقام دیا اس لیے فیشن انڈسٹری کوچھوڑنا توممکن نہیں ہے لیکن جب بھی کوئی اچھی فلم آفرہوگی میں اداکاری کے جوہرضرور دکھائوں گی۔ میرے نزدیک فلم کی کہانی اور میرا کردار معنی رکھتا ہے ، فلم کمرشل ہویا آرٹ اس سے مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ ہمارے پڑوسی ملک بھارت کی فیشن انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی دیپکاپڈوکون سمیت دیگرماڈلز آج بالی وڈ پر راج کررہی ہیں۔ پاکستان فیشن انڈسٹری میں بھی بہت سی خوبصورت ماڈلز ہیں جن کواگر اچھے کردار آفرکیے جائیں توفلموںکی کامیابی میںاہم کردارادا کرسکتی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کرداروں میں حقیقت کارنگ بھرنے کا فن سب سے مشکل ہے، جس کو یہ فن آجائے اسی کوورسٹائل فنکار پکارا جاتاہے۔ خواہش ہے کہ چیلنجنگ کرداروں میں حقیقت کے رنگ بھرکراپنی منفرد پہچان بنائوں۔
Load Next Story