شانتی نگر میں آپریشن گینگ وار کے 2ملزمان گرفتار اسلحہ برآمد

گرفتار ملزمان قتل،ڈکیتی، بھتہ خوری و دیگر سنگین وارداتوں میں مطلوب تھے، متعدد افراد کو پوچھ گچھ کے بعد چھوڑ دیا گیا.

گرفتار ملزمان قتل،ڈکیتی، بھتہ خوری و دیگر سنگین وارداتوں میں مطلوب تھے، متعدد افراد کو پوچھ گچھ کے بعد چھوڑ دیا گیا (فوٹو: محمد عظیم / ایکسپریس )

شانتی نگر میں پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران گینگ وار کے 2 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا ۔

گھر گھر تلاشی کے دوران متعدد افراد کو حراست میں بھی لیا گیا ، آپریشن کے دوران ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی تاہم دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں خوش قسمتی سے کوئی شخص ہلاک یا زخمی نہیں ہوا ، آپریشن کے خلاف علاقہ مکینوں کے احتجاج کی کوشش پولیس نے ناکام بنادی ۔

تفصیلات کے مطابق عزیز بھٹی پولیس نے ڈالمیا شانتی نگر میں سرچ آپریشن کرکے گینگ وار کے 2 ملزمان وسیم اور حمزہ کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا، گرفتار ملزمان قتل ، اقدام قتل ، بھتہ خوری ، گھروں میں ڈکیتی اور جرائم کی دیگر سنگین وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے ، آپریشن کے دوران پولیس نے علاقے کے داخلی و خارجی راستے آمدورفت کے لیے مکمل طور پر بند کردیے اور اس دوران کسی کو بھی علاقے میں آنے یا علاقے سے جانے کی اجازت نہیں دی گئی ۔


گھر گھر تلاشی کے دوران پولیس نے متعدد افراد کو حراست میں بھی لیا تاہم پوچھ گچھ کے بعد انھیں چھوڑ دیا گیا ، پولیس آپریشن کے دوران علاقے میں موجود مسلح ملزمان نے پولیس پر فائرنگ بھی کی جس سے علاقہ گولیوں کی تڑتڑاہٹ سے گونج اٹھا ، پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی تاہم خوش قسمتی سے کوئی ہلاک یا زخمی نہیں ہوا ۔

ایس ڈی پی او نیو ٹائون ڈی ایس پی ناصر لودھی نے ایکسپریس کو بتایا کہ پولیس نے شانتی نگر میں ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا ، اس دوران علاقے میں ہر قسم کی آمدورفت مکمل طور پر بند کردی گئی اور گھر گھر تلاشی لی گئی ، انھوں نے بتایا کہ پولیس نے متعدد افراد کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا جس میں رپیٹر ، ٹی ٹی پستول اور متعدد رائونڈ شامل ہیں جبکہ دستی بم بھی ملے ہیں ، گرفتار ملزمان کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے ، آپریشن کے خلاف ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کی جس پر پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی تاہم خوش قسمتی سے کوئی ہلاک یا زخمی نہیں ہوا ۔

ڈی ایس پی ناصر لودھی نے ایکسپریس کو مزید بتایا کہ آپریشن کے خلاف ملزمان نے علاقہ مکینوں کو احتجاج کرنے پر اکسایا اور زبردستی انھیں گھروں سے باہر سڑک پر لے کر آئے لیکن پولیس نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے شیلنگ کی جس سے مظاہرین فوری طور پر منتشر ہوگئے ، آپریشن کے بعد پولیس نے علاقے میں ٹریفک بھی بحال کرادیا ، پولیس گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کررہی ہے ، ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں متعدد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے جبکہ تحقیقات میں مزید کئی اہم انکشافات متوقع ہیں۔

 
Load Next Story