خیبرپختونخوا کئی شہروں میں ڈرون حملوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے

نیٹوسپلائی کی بندش پرپختونخوا حکومت کی حمایت کااعلان،تحریک انصاف، پیپلز پارٹی اور دیگر پارٹیوں کے رہنمائوں کا خطاب

بنوں: ڈرون حملوں کیخلاف احتجاجی مظاہرے میں امریکی صدر باراک اوباما کا پتلا جلایا جارہا ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

لنڈی کوتل،جمرود،بنوں،بٹ خیلہ میں ڈرون حملوں اور نیٹو سپلائی کیخلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے حکومت سے امریکی جنگ سے باہرنکلنے کا مطالبہ کیاگیا۔

مظاہروں کے دوران امریکی پرچم، صدراوباما اورجان کیری کے پتلے نذرآتش کیے گئے۔ تحریک انصاف خیبرایجنسی نے تحصیل لنڈیکوتل میں نیٹو سپلا ئی، ڈرو ن حملوں اور فوجی آپریشن کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ لنڈی کوتل میں مظا ہر ین سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما عبد الرازق شینوا ری نے کہا کہ ڈرون حملوں میں بے گناہ قبائلی عوام مارے جا رہے ہیں، ہما ری حکومت نے امریکا کی خوشنودی کے لیے جو جنگ غریب قبائلی عوا م پر مسلط کر رکھی سے اسے کا اب خا تمہ ہونا چا ہیے، عمران خان کے نیٹو سپلائی کی بندش کے فیصلے کی پارٹی کارکن اور تمام قبائلی عوام بھرپور حمایت کرتے ہیں۔

خیبرایجنسی کی تحصیل جمرود میں اتوار کو باب خیبر کے مقام پر تحریک انصاف جمرود کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین نے جمرود اسپورٹس کمپلیکس سے باب خیبر تک احتجاجی مارچ کیا، مظاہرے نے جمرود میں جلسے کی شکل اختیار کر لی جس سے تحریک انصاف کے رہنمائوں امین زادہ آفریدی، جمال آفریدی، شہزاد آفریدی، خان رحمان آفریدی اور عبدالخالق آفریدی نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ ڈرون حملے پاکستان کی خود مختاری کے خلاف ہیں،اگر ڈرون حملے بند نہ کیے گئے تو خیبرایجنسی کے راستے افغانستان میں موجود اتحادی ا فواج کو سپلائی بند کر دیںگے۔




بنوں میں احمدزئی وزیر قبائل نے پی پی پی کے ایم پی اے فخر اعظم وزیر ایڈووکیٹ کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا مظاہرے کے دوران امریکی پر چم امریکی صدر باراک اوباما اور جان کیری کے پتلے نذر آتش کیے گئے، حلقہ پی کے71کے احمدزئی وزیر قبائل کے ہزاروں افراد نے ڈومیل سے گاڑیوں کا ایک احتجاجی جلوس نکالا ۔ گاڑیوں کا جلوس مختلف علاقوں سے ہوتا ہوا لنک روڈ چوک بنوں ٹائون شپ پہنچا جہاں ایم پی اے فخر اعظم وزیر ایڈووکیٹ، پیپلز ایس ایف خیبر پختونخوا کے ایڈیشنل جنرل سیکریٹری انعام انقلابی، وجاہت اللہ خان، محمد علی خان اور ملک عابد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈرون حملے بند نہ ہوئے تو نیٹو سپلائی بند کردی جائے گی کیونکہ یہ آگ صرف قبائل اور خیبر پختونخوا میں لگی ہے، پنجاب والے اس کا کیا درد محسوس کریںگے۔

بٹ خیلہ میں جماعت الدعوۃ ملاکنڈ ڈویژن کے زیر اہتمام ڈرون حملوں کے خلاف ریلی نکالی گئی و احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، ریلی میں شریک ہزاروں افراد نے چکدرہ سے بٹ خیلہ تک 10 کلومیٹرتک مارچ کیا اور امریکا، بھارت اور نیٹو کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مقررین نے پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کی طرف سے نیٹو سپلائی بند کرنے کے فیصلے کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا،جماعت الدعوۃ کے صوبائی امیر عیتق الرحمٰن چوہان نے کہا کہ ڈرون حملوں کے بندش کا واحد طریقہ حکمرانوں کی طرف سے پاک فوج کو ڈرون گرانے کی اجازت ہے۔
Load Next Story