الیکٹرانک مارکیٹ ملیر میں آتشزدگی سے 20 دکانیں خاکستر

رشیدیہ الیکٹرانک مارکیٹ کی دکانوں میں موجودکروڑوں روپے مالیت کا سامان جل گیا

پہلے فائرٹینڈرکاپانی ختم ہوگیا،دوسرے فائرٹینڈرکے پہنچتے پہنچتے آگ نے پوری مارکیٹ کولپیٹ میں لے لیا۔ فوٹو: فائل

ملیرٹنکی کے قریب الیکٹرانک مارکیٹ میں خوفناک آتشزدگی سے20 دکانیں جل کر خاکستر ہوگئیں، دکانوں میں رکھا کروڑوں روپے مالیت کا الیکٹرانک سامان بھی جل گیا۔

منگل کی صبح سعود آباد تھانے کی حدود ملیر ٹنکی کے قریب جامعہ رشیدیہ الیکٹرانک مارکیٹ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی موقع پر موجود دکانداروں نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ پر قابو پانے کی کوشش شروع کردی اور فوری طور پر قریب ہی واقع ملیر فائر اسٹیشن کے عملے کوطلب کرلیا لیکن معلوم ہوا کہ ملیرفائر اسٹیشن کے تمام فائر ٹینڈر خراب ہیں اس دوران آگ شدت اختیارکرتی چلی گئی۔

بعدازاں لانڈھی فائر اسٹیشن سے ایک فائرٹینڈر موقع پر پہنچا لیکن فوراً ہی فائرٹینڈر کا پانی ختم ہوگیا جس کے بعد پھیلتی آگ نے پوری الیکٹرانک مارکیٹ کو لپیٹ میں لیا اور آگ سے نکلنے والا سیال دھواں آسمان پرکالے بادلوں کی طرح پھیل گیا جو کئی کلومیٹر دور سے دیکھا جاسکتا تھا موقع پرموجود فائربریگیڈ کے عملے نے دوسرے فائر اسٹیشنوں سے فوری مدد طلب کی جس پر کورنگی، گلستان جوہر، سہراب گوٹھ، ناظم آباد اور سوک سینٹر فائر اسٹیشن سے 5 فائر ٹینڈرز موقع پر پہنچ گئے اور آگ پرقابو پانے کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کیا۔


آتشزدگی کے دوران الیکٹرانک مارکیٹ کی سب سے بڑی دکان کی چھت بھی زمیں بوس ہوگئی فائر بریگیڈ کے فائر فائٹرز نے 2 گھنٹے کی کوششوں کے بعد آگ پرقابو پا لیا اس دوران الیکٹرانک مارکیٹ کی 20 دکانیں مکمل طور پر جل گئیں جن میں موجود کروڑوں روپے مالیت کا الیکٹرانک سامان خاکستر ہوگیا متاثرہ دکانداروں نے کہنا ہے کہ مارکیٹ جلنے سے وہ سڑک پر آگئے ہیں۔

انھوں نے الزام عائد کیا کہ مارکیٹ میں آگ صبح ساڑھے 7 بجے لگی اس وقت صرف ایک جگہ آگ لگی ہوئی تھی جسے بروقت بجھایا جاسکتا تھا لیکن فائربریگیڈ کا عملہ ڈیڑھ گھنٹے کی تاخیر سے پہنچا جس کے باعث آگ پوری مارکیٹ میں پھیل گئی اور آگ نے تمام دکانوں کو لپیٹ میں لے لیا۔

محمکہ فائربریگیڈ کے مطابق انھیں آگ لگنے کی اطلاع 7 بج کر56 منٹ پر موصول ہوئی تھی اورفائر بریگیڈ کے عملے نے 10بج کر3 منٹ پر آگ پرقابوپا کرکولنگ کا عمل شروع کردیا تھا فائر بریگیڈ کے 6 فائر ٹینڈر اور واٹر بورڈ کے 8 باؤزرز کی مدد سے آگ پر قابو پا لیا گیا اس دوران کسی قسم کائی جانی نقصان نہیں ہوا۔
Load Next Story