سندھ میں وزیر تعلیم نہ ہونے کا انجام نیا تعلیمی کیلنڈر بھی پرانے سیشن کے مطابق ہوگا

تعلیمی سیشن یکم جولائی سے شروع ہو گا، نوٹیفکیشن جاری

آئندہ برس نویں جماعت کا امتحان دینے والے لاکھوں طلبا محض 7 ماہ اور کچھ دن کلاسز ہی لے سکیں گے، سربراہ ’’پسما‘‘۔ فوٹو: فائل

صوبائی محکمہ اسکول ایجوکیشن نے گزشتہ سال 2019کی اسٹیرنگ کمیٹی کی جانب سے طے کیے گئے اکیڈمک کلینڈر کو برقرار رکھتے ہوئے سندھ کے تمام سرکاری ونجی تعلیمی اداروں (اسکولز)میں تعلیمی سیشن یکم جولائی سے شروع کرنے کا فیصلہ جاری کر دیا ہے۔

سندھ میں تقریباً 6 ماہ تک وزیرتعلیم نہ ہونے کے سبب محکمہ تعلیم (اسکول وکالج) کی اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس نہیں ہو سکا جس کے بعد صوبائی محکمہ اسکول ایجوکیشن نے گزشتہ سال 2019کی اسٹیرنگ کمیٹی کی جانب سے طے کیے گئے اکیڈمک کلینڈر کو برقرار رکھتے ہوئے سندھ کے تمام سرکاری ونجی تعلیمی اداروں (اسکولز)میں تعلیمی سیشن یکم جولائی سے شروع کرنے کا فیصلہ جاری کر دیا ہے اور اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن منگل کوجاری کیا گیا ہے جس کے مطابق سندھ میں تعلیمی سیشن 2020/21 گزشتہ سال 2019کی طرز پر یکم جولائی سے شروع ہو گا منگل 4 فروری کوجاری اس نوٹیفیکیشن میں بھی 18جنوری 2018 کو اکیڈمک کلینڈر کے حوالے سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کا حوالہ دیا گیا ہے۔

ادھر صوبائی سیکریٹری اسکول ایجوکیشن احسن منگی نے ''ایکسپریس'' سے بات چیت کرتے ہوئے واضح کیاہے کہ چونکہ رواں سیشن 2019/20 اب اختتام کے قریب تھا اور نئے سیشن 2020/21 کے آغاز کے حوالے سے بہت سے نجی تعلیمی ادارے ہم سے پوچھ رہے تھا لہٰذا فوری طورپر گزشتہ اسٹیرنگ کمیٹی کے فیصلے کے برقراررکھنے کاہی فیصلہ کیاگیاہے اورنئے تعلیمی سیشن 2020/21میں بھی 2019کے اکیڈمک کلینڈرکے مطابق تعلیمی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔

قابل ذکر امر یہ ہے کہ اس نوٹیفیکیشن پرعملدرآمد اورمیٹرک کے امتحانات کے شیڈول میںکسی بڑی تبدیلی نہ ہونے کی صورت میں سندھ میں آئندہ برس نویں جماعت کاامتحان دینے والے لاکھوں طلبا محض7ماہ اورکچھ دن کلاسز لینے کے بعدہی امتحان میں شریک ہوجائیں گے کیونکہ رواں سیشن میں جب طلبہ اپریل میں امتحان دے کرفارغ ہونگے توموسم گرماکی تعطیلات ہوجائیں گے یہ تعطیلات ختم ہونگی توجولائی میں نیاسیشن شروع ہوگااورطلبہ مارچ 2021میں امتحان میں شریک ہوجائیں گے جبکہ نئی اسکیم آف اسٹڈیزکے تحت طلبا کونویں جماعت میں اب پانچ کے بجائے 7مضامین کے امتحان دینے ہیں۔


واضح رہے کہ گزشتہ اسٹیرنگ کمیٹی نے سندھ بھرمیں موسم گرماکی تعطیلات کاشیڈول تبدیل کردیاتھااوریہ تعطیلات جون اورجولائی کے بجائے مئی اورجون 2019میں ہوئی تھی اور اسی اکیڈمک کلینڈرکے مطابق سندھ کے سرکاری ونجی تعلیمی اداروں میں موسم گرماکی تعطیلات سیشن سے قبل مئی اور جون 2020میں ہی ہوں گی جبکہ موسم سرماکی تعطیلات بھی 22 دسمبر 31 دسمبر تک جاری رہیں گی، نئے تعلیمی سیشن 2020/21میں آٹھویں جماعت تک کہ سالانہ امتحانات بھی رواں تعلیمی سال/20 2019کے مطابق ہی لیے جائیں گے۔

سیکریٹری تعلیم احسن منگی کا کہنا تھا کہ ان کی منگل کونئے وزیرتعلیم سعید غنی سے بات ہوئی ہے اوروزیرتعلیم نے جلد نئی اسٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس کاعندیہ دیاہے جس کے بعد امکان ہے کہ سندھ کے تعلیمی بورڈزکی جانب سے امتحانات کی تیاری کودیکھتے ہوئے میٹرک اورانٹرکے سالانہ امتحانات کی تاریخوں میں کوئی معمولی ردوبدل ہوجائے تاہم دیگر تعلیمی کلینڈر کا اطلاق گزشتہ اسٹیرنگ کمیٹی کے فیصلوں کے مطابق ہی ہو گا۔

ادھر نجی اسکولوں کی ایسوسی ایشنزکوتعلیمی سیشن یکم جولائی سے شروع کرنے پر کئی اعتراضات ہیں پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوی ایشن''پسما''کے سربراہ شرف الزماں نے ''ایکسپریس''سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ انھیں اس فیصلے پر بنیادی اعتراض یہ تھاکہ گزشتہ سال جنوری میں اسٹیرنگ کمیٹی کااجلاس کرکے رواں سیشن 12کے بجائے 14مہینے کا کر دیا گیا 2019 میں اس اجلاس میں ہم بھی شامل تھے ہم نے روکاکہ ایسا نہیں کریں ہم اسکولوں میں نصاب مکمل کرانے کوہیں ہم چھٹیوں میں بھی بچوں کومصروف رکھتے ہیں تاہم اس فیصلے کے بعد توبچوں کوموسم گرماکی تعطیلات میں ہوم ورک بھی نہیں دے سکے اب بچے اپریل میں امتحان دیں گے ہم نتائج کااعلان اپریل کے آخر میں کریں گے اورجولائی سے پھرسیشن شروع کریں گے اپریل سے سیشن شروع نہیں ہوگاتوہم پھرہوم ورک نہیں دے سکیں گے۔

شرف الزماں نے دوسرے نکتے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہاکہ جوبچے ابھی آٹھویں کلاس میں ہیں پھرآئندہ سیشن سے نویں میں جائیں گے پھرسیشن یکم جولائی سے شروع ہوگابورڈ تومارچ نویں کے پرچے لے گاتوہم 8مہینے میں کیسے نصاب مکمل کریں گے موسم سرماسمیت دیگر چھٹیاں نکال دیں گے تو7مہینے 10دن کاوقت ملے گااب 7کتابیں بھی پڑھانی ہیں پہلے پانچ کتابیں پڑھانی ہوتی تھیں انھوں نے کہاکہ پاکستان کے باقی صوبوں میں نویں کے طلبہ 12مہینے پڑھیں گے اورسندھ کے ہمارے طلبہ 7ماہ نویں جماعت کی تدریس لیں گے۔
Load Next Story