تمام غیر قانونی ہائیڈرینٹ کا خاتمہ کیا جائے شرجیل میمن

واٹر بورڈ کے افسران کی کوتاہی کو کسی صورت بھی برداشت نہیں کیا جائے گا

غیرقانونی ہائیڈرینٹ کھلنے پرایس ایچ اوکیخلاف کارروائی ہوگی،وزیر بلدیات فوٹو: فائل

سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ شہر میں چلنے والے تمام غیر قانونی ہائیڈرینٹ آئندہ7 روز کے اندر بند کردیے جائیں کسی بھی علاقے میں اگر کوئی غیر قانونی ہائیڈرینٹ قائم ہوا تو اس علاقے کے افسرکے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور مذکورہ علاقے کے ایس ایچ او کو بھی اس میں برابر کا ذمہ دار سمجھا جائے گا ۔

ڈسٹرکٹ ویسٹ اور سینٹرل میں چلنے والے غیر قانونی ہائیڈرنٹ کے خلاف کارروائی شروع کردی جائے اور اس میں ملوث افسران اور انچارجز کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے، ان خیالات کا اظہار انھوں نے پیر کو اپنے دفتر میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کے دوران کیا ، اجلاس میں ایم ڈی واٹر بورڈ کے علاوہ دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے ۔




صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے ایم ڈی واٹر بورڈ کو ہدایت کی کہ شہر میں چلنے والے تمام غیر قانونی ہائیڈرینٹ کے خلاف کریک ڈائون شروع کیا جائے واٹر بورڈ کے افسران کی کسی قسم کی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا ،صوبائی وزیر نے ایم ڈی واٹر بورڈ کو ہدایت کی کہ پہلے سے بند کیے جانے والے غیر قانونی ہائیڈرینٹ پر بھی کڑی نگاہ رکھی جائے، ایم ڈی واٹر بورڈ نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ ڈسٹرکٹ ویسٹ اور سینٹرل میں موجود غیر قانونی ہائیڈرینٹ کیخلاف جلد ہی کریک ڈائون شروع کردیا جائیگا۔
Load Next Story