بیٹنگ کو سہارا دینے کیلئے مصباح الحق جنوبی افریقہ روانہ

بُرا وقت گزر جانے کے بعد کھلاڑیوں کی روٹھی فارم مان جائے گی، ون ڈے کپتان

بُرا وقت گزر جانے کے بعد کھلاڑیوں کی روٹھی فارم مان جائے گی، ون ڈے کپتان، فوٹو: اے ایف پی/فائل

ڈگمگاتی بیٹنگ کو ون ڈے سیریز میں سہارا دینے کیلیے کپتان مصباح الحق جنوبی افریقہ روانہ ہوگئے۔

انھوں نے توقع ظاہر کی کہ بُرا وقت گزر جانے کے بعد کھلاڑیوںکی روٹھی فارم مان جائے گی اور وہ توقعات پر پورا اترنے میں کامیاب رہیں گے۔ تفصیلات کے مطابق بیٹنگ کی ناکامی نے کئی بار جیتی بازی ہارنے کا صدمہ پاکستانی شائقین کو دیا، سابق ٹیسٹ کرکٹرز کی توپوں کا رخ بھی بیٹسمینوں کی طرف رہا، بیشتر نے ٹیم میں ہول سیل تبدیلیوں کا مطالبہ بھی کردیا، البتہ کڑی تنقید کے باوجود کپتان مصباح الحق پُرامید ہیں کہ بیٹسمین حالیہ خراب کارکردگی کو بھلا کر پروٹیز کے خلاف بہتر کھیل پیش کریں گے۔ گذشتہ شب جنوبی افریقہ روانگی سے قبل نمائندہ ''ایکسپریس'' سے بات چیت میں انھوں نے کہا کہ کوئی اس حقیقت سے نظریں نہیں چرا سکتا کہ پاکستانی ٹیم مشکل دور سے گذر رہی ہے، ماضی میں رنز کے انبار لگانے والے بیٹسمین بھی بڑا اسکور کرنے میں کامیاب نہیں ہو رہے۔




ناصر جمشید، محمد حفیظ اور عمر اکمل وہی کھلاڑی ہیں جو ماضی میں عمدہ کارکردگی کی وجہ سے پاکستانی ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کرتے رہے لیکن کچھ عرصہ سے اچھا کرنے کی تمام تر کوشش کے باوجود ناکام ثابت ہو رہے ہیں۔ مصباح الحق نے کہا کہ پاکستانی بیٹنگ کا گراف جتنا نیچے گر چکا اس میں مزید خرابی کیا آئے گی،مجھے امید ہے کہ بیٹسمین ایک بار پھر اعتماد بحال کرکے دوبارہ بلندیوں کی جانب سفر شروع کریں گے، انھوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے برعکس پاکستانی بیٹسمین جنوبی افریقہ میں نئے روپ میں نظر آئیں گے، ہم پروٹیزکے خلاف اسی کی سرزمین پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے، ایک سوال پر مصباح نے کہا کہ اگر بار بار کی تبدیلیوں سے نتائج حاصل ہوسکتے تو آج بنگلہ دیش کی ٹیم عروج پر نظر آتی، کبھی کبھی ایسا ہوتا ہے کہ ہر کوشش اور پلاننگ کے باوجود حریف کے ہی تمام فیصلے درست ثابت ہوتے ہیں، ایسی صورتوں میں تھک کر بیٹھ جانے کے بجائے نئے عزم کے ساتھ میدان میں اترنا ہی کھیل کی اسپرٹ ہے جو بالآخر رنگ لے آتی ہے۔ا
Load Next Story