مہنگے خشک میوے عوام کی قوت خرید سے باہر ہو گئے مونگ پھلی پر گزارہ

سرد موسم شروع ہونے کے باوجود خشک میوہ جات کا کاروبار 75فیصد کم، شہری سرد موسم کی روایت چلغوزے کا ذائقہ بھلا چکے

ٹھیلے پر فروخت کیلیے مونگ پھلی پکائی جارہی ہے جبکہ دیگر خشک میوہ جات مہنگے ہونے کے باعث نہیں بیچے جارہے ۔ فوٹو : ایکسپریس

موسم سرما کی آمد کے باوجود خشک میوہ جات کی فروخت ماند ہے،ہوشربا مہنگائی کے بعد عوام کی بڑی تعداد اس شوق کو پورا کرنے کی سکت نہیں رکھتے، تاجروں کے مطابق خشک میوے کا کاروبار75فیصدکم ہوگیا ہے۔

شہریوں کی اکثریت خشک میوے کے بجائے مونگ پھلی پر ہی اکتفا کررہی ہے جبکہ موسم سرما کی روایت چلغوزے کا تو ذائقہ ہی بھلا چکے ہیں،جوڑیا بازار کے سروے کے مطابق تھوک سطح پر بادام کی قیمت میں80 سے 90 فیصد، پستہ کی قیمت میں 125فیصد تک اضافہ ہوگیا ہے چلغوزے کی قیمت گزشتہ سال کی سطح پر برقرار ہے لیکن2000 روپے فی کلو کی تھوک قیمت سن کر ہی خریدار کانوں کو ہاتھ لگارہے ہیں، جوڑیا بازار ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری عبدالقادر نورانی نے ایکسپریس کو بتایا کہ خشک میوہ جات اب تعیشات میں شامل ہوگئے ہیں اور کم آمدن والا طبقہ خشک میوے کا تصور کرنے سے قاصر ہے، عمومی فروخت 75 فیصد کم ہوچکی ہے صرف دعوتوں میں بنائی جانے والی میٹھی سوغاتوں کے لیے میوہ جات فروخت ہورہے ہیں۔

دکانداروں نے بھی مانگ نہ ہونے کی وجہ سے خشک میوہ جات رکھنے بند کردیے ہیں انھوں نے بتایا کہ امریکی بادام جو گزشتہ سال600 سے 650روپے کلو فروخت کیے گئے اس سال تھوک سطح پر 1020سے 1100 روپے فی کلو اور آسٹریلوی بادام 550 روپے سے بڑھ کر 950 روپے کلو فروخت ہورہے ہیں، پستہ مغز تقریباً 125فیصد اضافے سے 2300 روپے فی کلو فروخت ہورہا ہے چھلکے والا پستہ850 سے بڑھ کر 1500اور 1600روپے کلو بک رہا ہے ۔




چلغوزہ گزشتہ سال 1800روپے کلو تھا اس سال 2000 روپے کلو فروخت ہورہا ہے تاہم اس کی فروخت نہ ہونے کے برابر ہے، کاجو (320نمبر) گزشتہ سال 720روپے کلو فروخت ہوا جو اب 950 روپے کلو فروخت ہورہا ہے جبکہ بڑا کاجو 1050روپے فی کلو بک رہا ہے، اخروٹ کی گری950 سے بڑھ کر 1300روپے کلو جبکہ گزشتہ سال 200 سے 250 روپے کلو فروخت ہونے والا کاغذی اخروٹ اس سال350 سے 375 روپے کلو فروخت ہورہا ہے۔

میٹھی خشک خوبانی 200روپے کلو تھی جو اب بڑھ کر 450روپے کلو پر پہنچ چکی ہے مہنگے خشک میووں کی طرح مونگ پھلی بھی مہنگی ہوگئی ہے پنجاب اور سکھر کی مونگ پھلی تھوک سطح پر 100روپے کلو جبکہ انڈیا کی مونگ پھلی110روپے کلو فروخت ہورہی ہے پارہ چنار کی مونگ پھلی کی قیمت 150روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے۔
Load Next Story