معاشی مسائل ہیں ملک خراب حالات کا متحمل نہیں صدر ممنون

کرپشن کے باعث معیشت سنگین صورتحال اختیار کرچکی، بہتری کیلیے سب کوٹیکس اداکرناچاہیے

دادو: صدر ممنون حسین خیرپور ناتھن شاہ میں اسپتال کا افتتاح کررہے ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کے حالات اتنے خراب ہوچکے ہیں کہ ملک اس قسم کے حالات کا مزید متحمل نہیں ہوسکتا۔

اب حالات بہتری کی طرف آئیں گے، یہ بات انھوں نے مسلم لیگ (ن) سندھ کے رہنما لیاقت جتوئی کی جانب سے بیٹو جتوئی میں دیے گئے ظہرانے میں شرکت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی، ممنون حسین کا مزید کہنا تھا کہ ملکی معیشت سنگین صورتحال اختیار کرچکی ہے، کرپشن کے باعث ملک کو معاشی مسائل درپیش ہیں، 2008 تک ملک پر 6 ہزار 8 سو کھرب روپے قرض تھا جو 2013 تک بڑھ کر 14 ہزار کھرب تک جاپہنچا، میں نے صدر کا عہدہ سنبھالنے سے قبل ہی ن لیگ کے مرکزی عہدے اور بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دیدیا تھا، اب میں تمام پاکستانیوں کیلیے برابر ہوں، ملکی معیشت کی ترقی کیلیے ہم سب کو ٹیکس ادا کرنا چاہیے۔




قبل ازیں بیٹو جتوئی پہنچنے پر ن لیگ کے صوبائی رہنمائوں سلیم ضیا، ارباب غلام رحیم، لیاقت جتوئی، شاہ محمد شاہ، سورٹھ تھیبو، صداقت جتوئی، امداد چولیانی، اعجاز شاہ شیرازی، سکندر علی کھونہارو اور دیگر نے ان کا شاندار استقبال کیا ۔ قبل ازیں صدر ممنون حسین نے سہون میں قلندر لعل شہباز کے مزار پر حاضری دیکر پھولوں کی چادر چڑھائی اور دعا کی۔

صدر مملکت ممنون حسین نے خیرپور ناتھن شاہ میں سماجی کارکن سکندر علی کھونہارو کی جانب سے جیجل ماں کے نام سے قائم فلاحی اسپتال کا افتتاح کیا۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو مل کر ملکی استحکام کیلیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، کرپشن سے پاک افراد کی حوصلہ افزائی کی جائے، اس موقع پر وفد نے صدر سے شکایت کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی انتخابات سے قبل ن لیگی کارکنوں کو مختلف جھوٹے مقدمات میں پھنسانے کیلیے ہراساں کیا جارہا ہے اور دبائو ڈالا جارہا ہے جس پر صدر مملکت نے کہا کہ اس حوالے سے گورنر، وزیر اعلیٰ اور چیف سیکریٹری سندھ سے بات کروں گا۔

Recommended Stories

Load Next Story