حکومت فوج بلاکر سمجھتی ہے کہ فرض پورا ہوگیا پرویز الٰہی

راولپنڈی اور دیگر سانحات کا دلی دکھ ہے، اتنے حساس ایام کیلیے عملاً کچھ نہیں کیا گیا، پرویز الٰہی

پرویزالٰہی غداری کیس کا سوال گول کرگئے،تحریک انصاف بہاولپور کے رہنما ق لیگ میں شامل فوٹو : فائل

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 186 بہاولپور سے تحریک انصاف کے سابق امیدوار حاجی نعیم الدین وڑائچ اپنے ہزاروں ساتھیوں سمیت مسلم لیگ میں شامل ہوگئے ہیں۔

گزشتہ روز ایم این اے طارق بشیر چیمہ اور دیگر رہنمائوں کے ساتھ مسلم لیگ(ق) کے مرکزی رہنما، سابق نائب وزیراعظم چوہدری پرویز الٰہی سے ملاقات کے دوران انھوں نے چوہدری شجاعت کی قیادت میں (ق)لیگ کی سابق حکومت کی عوام دوست پالیسیوں اور خدمات کی تعریف کی۔ پریس کانفرنس میں پرویزالٰہی نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن سے قبل مزید اہم شخصیات ہمارے ساتھ شامل ہوں گی۔ سانحہ راولپنڈی اور دیگر شہروں میں ہونے والے افسوسناک واقعات کا دلی دکھ ہے۔




محرم میں حکومت کی مکمل ناکامی سامنے آگئی جبکہ ہمارے5 سال میں بہتر پلاننگ اور انتظامات کے باعث محرم کے دوران ایک گلاس بھی نہیں ٹوٹا تھا اور کسی ایک شہر میں بھی کرفیو نافذ نہیں کیا گیا تھا جبکہ موجودہ بے صلاحیت حکومت اور انتظامیہ ہر مشکل وقت میں صرف فوج پر انحصار کرتی ہے اور اسے طلب کرکے سمجھتی ہے کہ اس نے اپنا فرض پورا کردیا۔ پریس کانفرنس کے دوران ایک صحافی نے جب پرویز الٰہی سے سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف آرٹیکل 6کے تحت کارروائی کے بارے میں ان کا موقف پوچھا تو پرویز الہٰی نے مسکرا کر صحافی کا سوال ٹال دیا اورکہاکہ اس پر پھر بات کروں گا۔
Load Next Story