گنے کی کرشنگ آج شروع ہو گی چینی سستی ہونے کا امکان

قیمت 40 روپے کلو ہو سکتی ہے، ریٹیلرز نے ڈیلرز سے مہنگی چینی خریدنا بند کر دی

کرشنگ سیزن میں تاخیرکے باعث منافع خوروں نے 1 کلو پر 7 روپے بڑھا دیے تھے، ذرائع فوٹو: فائل

اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلے کے تحت رواں ماہ کے دوران سندھ اور پنجاب کی مجموعی طور پر70 شوگرملوں میں گنے کی کرشنگ سیزن شروع ہونے کے باعث دسمبر2013 تک فی کلوگرام چینی کی قیمت گھٹ کر 40 روپے تک پہنچنے کا امکان ہے۔

شوگرملز انڈسٹری کے باخبرذرائع نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ سندھ کی20 شوگر ملوں میں مکمل استعداد کے ساتھ بدھ 20 نومبر سے گنے کی کرشنگ کا آغاز ہوجائے گا جبکہ پنجاب کی50 شوگرملیں 25 نومبر 2013 سے گنے کی کرشنگ پوری استعداد کے ساتھ شروع کردیں گی۔ واضح رہے کہ رواں سال شوگرملوں کی جانب سے گنے کی محدود پیمانے پر خریداری سرگرمیوں، حکومت کی جانب سے گنے کی امدادی قیمت کے عدم تعین ودیگر عوامل کے سبب سندھ وپنجاب میں گنے کی کرشنگ میں تاخیرہوئی۔




لیکن اس تاخیر سے منافع خوروں نے بھرپوراستفادہ کرتے ہوئے صرف ایک ماہ کے دوران فی کلوگرام چینی کی قیمت میں5 تا7 روپے کا اضافہ کردیا تاہم شوگرملزاور مخصوص ڈیلرز کے پاس چینی کے ذخائر کم ہونے کے بعد انڈسٹری نے گنے کی خریداری سرگرمیاں تیز کرتے ہوئے اپنی اپنی ملوں کی پیداواری استعداد کے مطابق گنا اسٹاک کرلیا ہے، سندھ میں بدھ سے جبکہ پنجاب میں25 نومبر سے گنا بیلنے کا عمل شروع ہوجائے گا لیکن کرشنگ سیزن شروع ہوتے ہی چینی کے بڑے ڈیلرز میں کھلبلی مچ گئی ہے کیونکہ خوردہ فروشوں نے قیمتوں میں ممکنہ نمایاں کمی کے امکانات کے پیش نظر چینی کے بڑے ڈیلرز سے مہنگی چینی کی خریداری روک دی ہے۔
Load Next Story