کرکٹ ٹیم کو جیت مبارک

آنے والے دنوں میں پی ایس ایل فائیو کا انعقاد پاکستان کرکٹ کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔

آنے والے دنوں میں پی ایس ایل فائیو کا انعقاد پاکستان کرکٹ کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔فوٹو: پی سی بی

دہشت گردی کے خلاف طویل جنگ میں کامیابی کے بعد ویران کھیل کے میدان دوبارہ آباد ہوگئے اور انٹرنیشنل کھلاڑی اورمختلف کھیلوں کی ٹیمیں بلاخوف وخطر پاکستان آنا شروع ہوگئی ہیں۔

پاکستانی قوم توکرکٹ کی ویسے ہی دیوانی ہے،کرکٹ لورزکے لیے یہ خبر مژدہ جانفزا ہے کہ راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو ایک اننگز اورچوالیس رنز سے شکست دے دی۔ راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے تمام کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کیا، بلاشبہ یہ جیت ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ ٹیم ردھم میں آچکی ہے، امید ہے کہ کامیابیوں کا یہ تسلسل جاری وساری رہے گا۔

پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اورکیریئرکی پہلی ہیٹ ٹرک کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، ہیٹ ٹرک کرنے پر انھیں مین آف دی میچ کے اعزاز سے بھی نوازا گیا۔ اس میچ کی جیت کا سہرا بلاشبہ نسیم شاہ کے سر جاتا ہے۔

دنیائے کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے کم عمر ترین بولرکا اعزاز حاصل کرنے نسیم شاہ پاکستان کا آنے والے دنوں میں بہترین اثاثہ ثابت ہوں گے، ان کی کارکردگی لائق ستائش ہیں۔ یہاں پر پاکستانی بیسٹمینوں کی شاندارکارکردگی کا ذکر بھی ضروری ہے۔ میچ کی دوسری اننگز میں قومی ٹیم کی جانب سے بابر اعظم 143، شان مسعود 100، حارث سہیل 75 اور اسد شفیق 65 رنز بناکر ٹاپ اسکورر ہے۔


یعنی پاکستانی بیٹنگ لائن اپ نے مخالف بولرزکو سکھ کا سانس نہ لینے دیا اوررنزکے انبار لگائے۔ بیسٹمینوں کا اپنی فارم میں واپس آجانا، اور بہترین کارکردگی کا مظاہرکرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی ٹیم مضبوط ہورہی ہے۔ قومی ٹیم کے ایک اور نوجوان بولر محمد حسنین پہلے ہی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے دنیا کے کم عمر ترین بولر کا اعزاز اپنے نام کرچکے ہیں۔

راولپنڈی ٹیسٹ کے ہیرو قومی فاسٹ بولر نسیم شاہ کا کہنا ہے کہ انھیں کوئی بڑی انجری نہیں ہوئی اور وہ دو تین دن بعد دوبارہ کرکٹ کھیل سکیں گے۔انھوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ اپنے ہوم گراونڈ میں ہیٹ ٹرک کی، مستقبل میں بھی عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھنے کی کوشش کروں گا۔

بلاشبہ نسیم شاہ اور پاکستان کے لیے یہ ٹیسٹ یادگار رہے گا۔ زمینی حقائق کی روشنی میں دیکھا جائے تو پاکستان پر امن ملک بن چکا ہے اور کرکٹ سمیت تمام انٹرنیشنل کھیلوں کے مقابلوں کے لیے انتہائی موزوں ہے۔ اس تناظر میں ہمیں حکومت اور سیکیورٹی اداروں کے کردار اور ان کی قابل قدرکردار اور خدمات کو بھی نہیں بھولنا چاہیے۔

یہ امن کا راستہ پاکستان میں پی ایس ایل 5 کا مکمل طور پر انعقاد ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی راہیں کھولنے کی کوششوں میں معاون و مددگار ثابت ہوگا۔ اس بات میں بھلا اب کیا شک باقی رہ جاتا ہے کہ پاکستان میں امن وامان کی صورتحال میں تیزی کے ساتھ آنے والی بہتری میں بتدریج اضافہ ملک میں انٹرنیشنل اسپورٹس کے انعقاد کی راہیں کھولے گا۔

کھلاڑی تو امن کے سفیر ہوتے ہیں، ہم قوی امید رکھتے ہیں کہ آنے والے دنوں میں پی ایس ایل فائیو کا انعقاد پاکستان کرکٹ کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔ قوم اور کرکٹ ٹیم کو بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ میچ جیتنے کی مبارکباد۔ جیت کی لگن جاری رہے گی تو کامیابیاں ہمارا مقدر ٹھہریں گی۔
Load Next Story