دورۂ جنوبی افریقہ پرواز سے قبل ہی شاہینوں کے پر جھڑنے لگے

عبد الرزاق اور شعیب ملک ان فٹ ہونے کے باعث جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز سے آؤٹ،مینجمنٹ نے متبادل طلب نہیں کیا

مصباح اور اسد کو دوسرے میچ کے اسکواڈ میں شامل کرنے کی تجویز ہے (معین)شعیب انگلی میں تین ٹانکے لگنے کے سبب پہلے ہی کھیلنے کے قابل نہ تھے،ذرائع۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

پرواز سے قبل ہی شاہینوں کے پر جھڑنے لگے، تجربہ کار آل راؤنڈرز عبد الرزاق اور شعیب ملک ان فٹ ہونے کے باعث جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز سے آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ مینجمنٹ نے دونوں کا متبادل طلب نہیں کیا،ذرائع کا کہنا ہے کہ دستیاب 13کھلاڑیوں میں سے ہی پلیئنگ الیون کا انتخاب کرنا ہوگا یا پھر ون ڈے کپتان مصباح الحق کو شامل کرکے اسکواڈ متوازن بنانے کی کوشش کی جائے گی، بعض حلقے یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ مصباح کو ٹی ٹوئنٹی میں واپس لانے کیلیے ہی انجرڈ شعیب کو پروٹیز کے دیس لے جانے کا موقع فراہم کیا گیا، دوسری جانب منیجر معین خان نے کہا کہ مصباح اور اسد شفیق کو پہلے میچ میں کھلانے کا امکان نہیں ہے۔ تفصیلات کے مطابق یواے ای میں ناکامی کے بعد دورئہ جنوبی افریقہ کیلیے 17 رکنی اسکواڈ میں شعیب ملک اور عبد الرزاق کو بھی برقرار رکھا گیا تھا، منگل کو دونوں کے ان فٹ ہونے کی اطلاعات سامنے آگئیں۔

ذرائع کے مطابق جوہانسبرگ میں پریکٹس کے دوران شعیب ملک کی دبئی ٹوئنٹی 20میچ کے دوران زخمی ہونے والی انگلی پر دوبارہ چوٹ لگ گئی، پی سی بی کی پریس ریلیز کے مطابق سفر کی وجہ سے ان کی تکلیف بڑھی، عبدالرزاق نیٹ سیشن کے دوران ہیمسٹرنگ انجری کا شکار بنے، ان مسائل کے باعث اب دونوں آل رائونڈرز سیریز کے کسی میچ میں حصہ نہیں لے سکیں گے، ٹور سلیکشن کمیٹی نے ٹیم ڈاکٹر اور جنوبی افریقی معالج سے مشاورت کے بعد انھیں فوری طور وطن واپس روانہ کرنے کا فیصلہ کر لیا، بورڈ کے مطابق مینجمنٹ نے دونوں کھلاڑیوں کا متبادل طلب نہیں کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ 2 پلیئرز سے محرومی کے سبب پلیئنگ الیون منتخب کرنے کیلیے ہنگامی بنیادوں پر کچھ تجاویز پر غور کیا جا رہا ہے، محمد حفیظ کی قیادت میں 13کھلاڑی جوہانسبرگ میں موجود ہیں، ان میں سے ہی ٹیم کا انتخاب کرنا ہوگا۔




دوسری صورت میں منگل کو دیگر کھلاڑیوں کو جوائن کرنے والے ون ڈے کپتان مصباح الحق اور اسد شفیق کو شامل کرکے اسکواڈ متوازن بنانے کی کوشش ہو سکتی ہے،اس حوالے سے منیجر معین خان نے کہا کہ مصباح اور اسد شفیق کیپ ٹائون میں موجود جبکہ پہلا میچ جوہانسبرگ میں ہو گا،ان دونوں کو دوسرے مقابلے میں کھلایا جا سکتا ہے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ عبدالرزاق اور شعیب ملک کی فٹنس مشکوک تھی تو انھیں یو اے ای سے جنوبی افریقہ بھجوایا ہی نہ جاتا، اچانک مسائل سامنے آنے سے محسوس ہوتا ہے کہ دال میں کچھ کالا ضرور ہے، مصباح الحق کو مختصر فارمیٹ کی ٹیم میں بطور کھلاڑی شامل کرلیا جائے گا، پرفارمنس اچھی رہی تو بنگلہ دیش میںآئندہ سال مارچ میں شیڈول ٹوئنٹی20ورلڈ کپ میں قیادت بھی ان کے سپرد کی جاسکتی ہے۔

واضح ہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف 3 ون ڈے اور 2 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کیلیے پہلے ہی ان فارم فاسٹ بولر محمد عرفان کو ان فٹ ہونے کے باعث ٹیم سے ڈراپ کیا جا چکا ہے۔ دوسری جانب بعض حلقوں نے دعویٰ کیا کہ مصباح الحق کی ٹی ٹوئنٹی میں واپسی کیلیے یہ ڈرامہ رچایا گیا، دبئی میں شعیب ملک جب زخمی ہوئے تو ان کی انگلی سے مسلسل خون بہہ رہا تھا جس کے سبب ریٹائرڈ ہرٹ ہو گئے، گوکہ بعد ازاں انھوں نے واپس آ کر اننگز مکمل کی مگر زخم پر تین ٹانکے لگانے پڑے، شہادت کی انگلی زخمی ہونے کے سبب وہ بیٹ پر مضبوط گرفت رکھنے کے قابل بھی نہ تھے، اس کے باوجود انھیں جنوبی افریقہ لے جایا گیا تاکہ پہنچتے ہی انجرڈ قرار دے کر مصباح کو اسکواڈ میں شامل کر لیا جائے۔
Load Next Story