مصباح الحق قومی ٹیم کا بوجھ اکیلے اٹھا کر تھک گئے

تمام پلیئرز سے کردار نبھانے کا مطالبہ، صرف کپتان بدلنے سے مسائل حل نہیں ہوں گے، مصباح الحق

جنوبی افریقہ کے خلاف یو اے ای سیریز میں ناکامی کے ذمہ دار بیٹسمین ہیں،سینئر پلیئر۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

مصباح الحق قومی ٹیم کا بوجھ اکیلے اٹھا کر تھک گئے، انھوں نے تمام کھلاڑیوں پر کردار ادا کرنے کیلیے زور دیا ہے۔

سینئر پلیئر کے مطابق صرف کپتان بدلنے سے مسائل حل نہیں ہونگے، پروٹیز کیخلاف یو اے ای سیریز میں ناکامی کے ذمہ دار وہ بیٹسمین ہیں جن سے رنز نہیں بن رہے ، امید ہے کہ دورئہ جنوبی افریقہ میں بہتر کھیل پیش کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق پروٹیز کے دیس روانگی سے قبل لاہور ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصباح الحق نے کہاکہ بیٹنگ لائن کی ناکامی کے سبب شکستوں کا سامنا کرنا پڑا، رنز نہ بنانے والے4،5 بیٹسمین ناکامیوں کا سبب بن رہے ہیں، ذمہ داری کسی ایک پر نہیں عائد کی جا سکتی، انھوں نے کہا کہ صرف کپتان کی تبدیلی سے خاص فرق نہیں پڑے گا،کرکٹ کے اصل مسائل حل کرنے چاہئیں، مجھے کسی نے آرام کا مشورہ نہیں دیا، اس بارے میں اطلاعات قیاس آرائی پر مبنی تھیں، میں نے کبھی یہ نہیں کہا کہ میرے بغیر ٹیم کی کارکردگی سامنے آ جائے گی۔




مصباح الحق نے کہا کہ سال کے اوئل میں دورئہ جنوبی افریقہ کے دوران محدود اوورز کے مقابلوں میں ٹیم کی کارکردگی حوصلہ افزا رہی تھی، ون ڈے سیریز ہم 2-3 سے ہارے، ان میں سے بھی 1یا2 میچز جیتنے کی پوزیشن میں تھے مگر ایسا نہ ہو سکا، ون ڈے کپتان نے کہا کہ جنوبی افریقی پچز ون ڈے کرکٹ کیلیے بہترین ہیں، بیٹسمین اچھے اسٹروکس کھیلیں تو رنز بھی تیزی سے بنتے ہیں، مشکل حالات سے نکلنے کیلیے ٹیم کو صرف چند اچھی اننگز کی ضرورت ہے جس کے بعد ردھم واپس آجائے گا، اگر بیٹنگ لائن نے قابل قدر مجموعہ حاصل کیا تو ہماری فتح کے امکانات بڑھ جائیں گے،ہم جنوبی افریقہ سے اس کے ہوم گراؤنڈ پر سیریز جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ مصباح الحق نے مزیدکہاکہ محمد عرفان اچھے بولر ہیں ان کی کمی شدت سے محسوس ہوگی۔
Load Next Story