ورلڈکپ فٹبال فرانس نے شرکت کا پروانہ حاصل کرلیا

50 گول کے ساتھ ملک کے ٹاپ اسکورر کا اعزاز بھی حاصل، افریقہ سے گھانا اور الجیریا نے برازیل جانے کا ٹکٹ پایا.

سینٹ ڈینس:ورلڈ کپ 2014میں رسائی حاصل کرنے والی فرانسیسی فٹبال ٹیم ملکی پرچم لہراتے ہوئے جشن منارہی ہے، اس نے پلے آف سیکنڈ لیگ میں یوکرین کو 3-0سے مات دی۔ فوٹو: رائٹرز

فرانس نے یوکرین کو 3-0 سے شکست دے کر ورلڈ کپ 2014 میں شرکت کا پروانہ حاصل کرلیا۔

فرسٹ لیگ میں 0-2 سے ناکامی کے بعد فرنچ ٹیم کو 2دہائیوں بعد میگا ایونٹ سے باہرہونے کا خطرہ لاحق تھا،پرتگال نے سوئیڈن، کروشیا نے آئس لینڈ جبکہ یونان نے رومانیہ کو پچھاڑ کر میگا ایونٹ میں جگہ بنالی، پرتگالی اسٹرائیکر کرسٹیانو رونالڈینو نے ہیٹ ٹرک بناکر مجموعی طور پر 50 گول کے ساتھ ملک کے ٹاپ اسکورر کا اعزاز بھی حاصل کرلیا، افریقہ سے گھانا اور الجیریا نے آئندہ برس برازیل جانے کا ٹکٹ پایا، میکسیکو نے نیوزی لینڈ کا قصہ تمام کردیا۔تفصیلات کے مطابق فرانس نے پلے آف کے سکینڈ لیگ میں یوکرین کو 3-0 سے شکست دیکر ورلڈ کپ میں رسائی پائی، فرسٹ لیگ میں 0-2 سے ناکامی کے بعد ٹیم کو2دہائیوں بعد میگا ایونٹ سے باہرہونے کا خطرہ لاحق تھا، سینٹ ڈینس میں منعقدہ مقابلے میں میزبان نے تمام خدشات کو دور کرتے ہوئے 3-2 کے ایگریگیٹ سے کامیابی حاصل کرلی۔

' لیز بلوز' کی عرفیت رکھنے والی ٹیم کیلیے پہلا گول 22ویں منٹ میں ممادو ساکھو نے بنایا، اسٹار فارورڈ کریم بینزیما نے 34ویں منٹ میں گیند کو جال کی راہ دکھاکر یوکرین کو ایگریگیٹ پر حاصل برتری ختم کردی، بینزیما نے یہ گول آف سائیڈ رہتے ہوئے کیا، اس معاملے پر پلیئرز کے درمیانی تلخی بھی ہوئی، دوسرے ہاف کے آغاز پر یوکرین کے دفاعی کھلاڑی یویان کیچاریدی کو میدان بدر کردیاگیا، فرانس کو حریف ٹیم میں ایک پلیئرکی کمی کا فائدہ ہوا اور کھیل کے 72ویں منٹ میں یوکرین کے اولیگ گوسیو نے گیند کو اپنے ہی گول پوسٹ میں پھینک کر فرانس کی برتری 3-0 بنا دی۔پرتگال نے سوئیڈن کو سیکنڈ لیگ میں 3-2 سے شکست دیکر ایگریگیٹ پر 4-2 سے کامیابی حاصل کرلی، فرسٹ لیگ میں پرتگال 1-0 سے کامیاب رہا تھا،تینوں گول اسٹار فارورڈ کرسٹیانو رونالڈو نے بنائے جبکہ سوئیڈن کیلیے دونوں مرتبہ گیند کو جال کی راہ مشہور ' سائیکل کک' لگانے والے زلاٹن ابراہیمووچ نے دکھائی، کرسٹیانو رونالڈو تین گولز کے ساتھ مجموعی طور پر 50 گولز بناکر پرتگال کے آل ٹائم لیڈنگ اسکورر بھی بن گئے۔




زغرب میں کروشیا نے آئس لینڈ کو 2-0 سے مات دے کراسی ایگریگیٹ سے برازیل ورلڈ کپ کیلیے کوالیفائی کرلیا، دونوں ممالک میں فرسٹ لیگ بغیر کسی گول کے برابررہا تھا، ماریو مینڈوزیک اور ڈاریجو سرنا نے گول اسکور کیے، مینڈوزیک کو حریف پلیئرز کو خطرناک انداز میں ٹیکل کرنے پر بعدازاں ریڈ کارڈ دکھاکر میدان بدر کردیاگیا، کروشیا کی ورلڈ کپ میں یہ چوتھی شرکت ہوگی، اس سے قبل وہ 1998،2002 اور 2006 میں بھی فائنلز کھیل چکا ہے۔یورپ سے آخری کوالیفائنگ میچ میں یونان نے رومانیہ کیخلاف سیکنڈ لیگ 1-1 سے ڈرا پر 4-2 کے ایگریگیٹ سے کامیابی حاصل کرلی، یونانی ٹیم اس سے قبل 1994 اور 2010 میں بھی میگا ایونٹ میں شامل رہی۔ویلنگٹن میں میکسیکو نے نیوزی لینڈ کو 4-2 سے مات دیتے ہوئے 9-3 کے ایگریگیٹ سے برازیل جانے کا انتظام کرلیا، مہمان ٹیم کے لیے اوریبی پریلٹا نے ہیٹ ٹرک بنائی، میکسیکو لگاتار چھٹی مرتبہ ورلڈ کپ کی ٹیموں میں شامل ہوگیا۔

پریلٹا نے فرسٹ لیگ میں اپنی ٹیم کی 5-1 سے فتح میں بھی2مرتبہ گیند کو جال کے سپردکیا تھا، میکسیکو کی ٹیم گذشتہ 20 ورلڈ کپ میں سے 15 ایونٹس میں شامل ہوگی،اس شاندار ریکارڈ نے اسے بین الاقوامی فٹبال میں سب سے زیادہ تسلسل سے پرفارم کرنے والی ٹیم بنا دیا، عالمی درجہ بندی میں 24ویں پوزیشن پر فائز میکسیکو کو نارتھ اینڈ سینٹرل امریکا کوالیفیکیشن میں چوتھی پوزیشن مل پائی تھی، جس کے بعد اسے پیسیفک اوشین کی فاتح نیوزی لینڈ سے پلے آف میچز کھیلنا پڑے۔قاہرہ میں گھانا کو پلے آف سیکنڈ لیگ میں 2-1 سے شکست دینے کے باوجود مصر ورلڈ کپ 2014 کی دوڑ سے باہر ہوگیا، فرسٹ لیگ میں 6-1 سے فتحیاب رہنیو الے گھانا نے 7-3 کے ایگریگیٹ سے میگا ایونٹ میں شرکت کا پروانہ حاصل کرلیا۔بلیدا میں منعقدہ براعظم افریقہ کے اختتامی کوالیفائنگ میچ میں الجیریا نے برکینا فاسو کو 1-0 سے شکست دی، جس کے بعد ایگریگیٹ کا اسکور 3-3 سے ٹائی ہوگیا، فرسٹ لیگ میں 2 گول اسکور کرنے پر الجیریا کو ورلڈ کپ کا ٹکٹ مل گیا۔
Load Next Story