شعیب اور عبدالرزاق افریقی سرزمین کو چھو کر واپس آگئے

ڈسپلن کی خلاف ورزی نہیں فٹنس مسائل کے سبب ٹیم کو چھوڑنا پڑا،آل راؤنڈرز

ڈسپلن کی خلاف ورزی نہیں فٹنس مسائل کے سبب ٹیم کو چھوڑنا پڑا،آل راؤنڈرز۔ فوٹو: فائل

KARACHI:
آل راؤنڈرز شعیب ملک اور عبدالرزاق جنوبی افریقی سرزمین کو چھو کر وطن واپس آ گئے۔

دونوں انجری کے سبب میزبان سے سیریز کے کسی میچ میں حصہ نہیں لے سکے،ایئر پورٹ پر محتاط گفتگو کرتے ہوئے ان کا اصرار تھا کہ ڈسپلن کی خلاف ورزی یا کسی اختلاف کے سبب نہیں بلکہ فٹنس مسائل کے سبب ٹیم کو چھوڑ کر آنا پڑا، انجریز سے نجات حاصل کرتے ہی ایک بار اپنی خدمات پیش کردیں گے۔ تفصیلات کے مطابق یو اے ای میں پروٹیز کیخلاف دوسرے ٹوئنٹی 20میچ کے دوران شعیب ملک کی انگلی زخمی ہوگئی تھی، اس کے باوجود انھیں اسکواڈ کے ہمراہ جنوبی افریقہ روانہ کردیا گیا، عبدالرزاق کی ہیمسٹرنگ انجری جوہانسبرگ میں پریکٹس کے دوران سامنے آئی،ٹیم مینجمنٹ نے انھیں ڈاکٹر کی مشاورت سے وطن واپس روانہ کرنے کا فیصلہ کیا تو کئی سوالات نے جنم لیا۔ دونوں پلیئرز نے لاہور ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اصرار کیا کہ ڈسپلن کی خلاف ورزی یا کسی اختلاف کے سبب نہیں بلکہ واقعی فٹنس مسائل کے سبب ٹیم کو چھوڑ کر آنا پڑا،جنوبی افریقہ میں اسکواڈ کا ماحول بہتر اور مورال بلندہے۔




شعیب ملک نے کہاکہ بدقسمتی سے ہم جیت نہیں رہے، ٹیم کامیاب نہ ہورہی ہو تو اس طرح کی باتیں سامنے آتی ہیں،کرکٹرز میں کوئی انتشار نہیں، تمام کھلاڑی کچھ کردکھانے کیلیے بے تاب اور بیٹنگ بہتر بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ میری انگلی دبئی میں زخمی ہوئی تھی لیکن توقع کے مطابق جلد ٹھیک نہ ہوسکی،ڈاکٹرز نے آرام کا مشورہ دیا ہے، ٹانکے 4روز میں کھل جائیں گے جس کے بعد ایک بار پھر ایکشن میں نظر آنے کیلیے تیاری شروع کردوں گا۔ایک سوال پرآل رائونڈر نے کہا کہ 1،2 میچز میں کسی کھلاڑی کی کارکردگی نہیں جانچی جا سکتی، انگلی سے خون رسنے کے باوجود ملک کے خاطر کھیلنے کیلیے کریز پر آیا تھا، اچھی طرح واقف ہوں کہ اپنی جگہ برقرار رکھنے کیلیے پرفارمنس میں تسلسل برقرار رکھنا ہوگا۔ عبدالرزاق نے کہاکہ ٹیم میں گروپ بندی یا انتشار نہیں ہے، مجھے ڈاکٹرز نے 10دن کے آرام کا مشورہ دیا تھا، اسی لیے وطن بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا۔
Load Next Story