مشرف قومی مجرم ہے کارروائی سیاسی انتقام نہیں سعد رفیق

کراچی سرکلر ریلوے منصوبہ مکمل کریں گے لیکن وقت کا تعین نہیں کیا جا سکتا

میٹ دی پریس اور ریلوے کے محنت کشوں سے وفاقی وزیر ریلوے کاخطاب۔ فوٹو : اے پی پی/فائل

MUZAFFARABAD:
وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ مشرف قومی مجرم ہے، پاکستان میں پہلی بار کسی آمر کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے یہ کوئی سیاسی انتقام نہیں بلکہ آئین سے بغاوت کرنے والوں کا راستہ بند کرنا ہے۔

وہ جمعرات کو کراچی پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب کررہے تھے۔انھوں نے ریلوے کے محنت کشوں سے خطاب بھی کیا۔ میٹ دی پریس میں وزیر ریلوے نے کہا کہ ملک میں سیاسی جماعتوں کو کام کرنے کا موقع ملنا چاہیے، اگر فوجی مداخلت رہے گی تو موروثی سیاست کا خاتمہ ناممکن ہے ۔سرکلر ریلوے کراچی کے شہریوں کا خواب ہے اس منصوبے کو مکمل کیا جائے گالیکن اس کے لیے وقت کا تعین نہیں کیا جا سکتا، سعد رفیق نے کہا کہ ہم اب تک خوش نصیب نہیں ہیں، ہمارے ملک میں جمہوریت کو باربار ڈی ریل کیا گیا اور مصنوعی جمہوریت دی گئی۔




وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ پرویز مشرف کو دفاع کا پورا موقع دیا جائے گا، ریلوے کی زمینوں کو قبضہ مافیا سے واگزار کرائیں گے ، ضرورت پڑی تو وہاں طاقت کا استعمال بھی کریں گے ، اس دوران اگر کسی غریب نے جھونپڑی بنارکھی ہے تو اس کا خیال بھی کرنا ہوگا، چین سے جلد ہی58 لوکو موٹو انجن آجائینگے، چینی بینک میں ہمارے سوا ارب روپے پھنسے ہوئے ہیں جس کو نکالنے کیلیے بات چیت جاری ہے ۔ ریلوے لوکو شیڈ اور ریلوے ورکشاپ کے دورے کے موقع پر ریلوے کے محنت کشوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ریلوے نے کہاکہ ریلوے کے محنت کش 6ماہ انتظار کریں ، ان کو میٹھا پھل ملے گا،کراچی میں ریلوے کی زمین کو صحیح طریقے سے استعمال کیا جائے تو کراچی میں 2سرکلر ریلوے کے منصوبے بن سکتے ہیں،کسی ایم پی اے یا ایم این اے کے کہنے پر کوئی اسٹاپ بحال نہیں کیا جائے گا۔
Load Next Story