پریذیڈنٹ ون ڈے کپ رضوان کی سنچری نے سوئی گیس کو فتح دلادی

زرعی ترقیاتی بینک نے اسٹیٹ بینک کوسنسنی خیزمقابلے میں ایک وکٹ سے قابو کرلیا

حبیب بینک نے یوبی ایل کو94رنز سے زیر کیا،کے آر ایل نے پورٹ قاسم اتھارٹی کو3 وکٹ سے شکست دی۔ فوٹو: فائل

پریذیڈنٹ کپ ون ڈے ٹورنامنٹ میں محمد رضوان کی سنچری نے سوئی ناردرن گیس کوپی آئی اے کیخلاف5 وکٹ سے فتح دلا دی، ناکام سائیڈ کے کپتان و اوپنر کامران ساجد کی تھری فیگر اننگز رائیگاں رہی۔

زرعی ترقیاتی بینک نے اسٹیٹ بینک کو سنسنی خیز مقابلے میں ایک وکٹ سے قابو کرلیا، حبیب بینک نے یوبی ایل کو94رنز سے زیر کیا،کے آر ایل نے پورٹ قاسم اتھارٹی کو3 وکٹ سے شکست دی، یاسر علی نے5 وکٹیں لیں، واپڈا نے نیشنل بینک کو 24رنز سے ہرایا۔تفصیلات کے مطابق پی آئی اے نے سوئی ناردرن گیس کیخلاف مقررہ 45 اوورز میں 9 وکٹ پر264رنز اسکور بورڈ پر سجائے،کپتان کامران ساجد نے122 کی اننگز کھیلی، انھوں نے شہزر محمد (30) کے ساتھ 80 رنز کی بنیاد بھی ٹیم کو فراہم کی، کامران نے 127 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 12چوکے اور2 چھکے جڑے، شہریارغنی29اور طاہر خان22رنز کے ساتھ نمایاں رہے، یاسر شاہ نے 45رنز کے عوض4 کھلاڑیوں کوٹھکانے لگایا جبکہ عمران خالد کو 2 وکٹیں ملیں، سوئی ناردرن گیس نے ہدف 43.5 اوورز میں 5 وکٹ پر حاصل کرلیا۔

محمد رضوان116 رنز بناکر میدان بدر ہوئے، سلیم مغل نے 68رنز پر ناٹ آئوٹ رہتے ہوئے ٹیم کی نائو پار لگادی، رافع صفدر نے2 کھلاڑیوں کوقابو کیا۔ زرعی ترقیاتی بینک کیخلاف اسٹیٹ بینک کی ٹیم41.3 اوورز میں 197رنز پر ہمت ہارگئی، فرخ شہزاد45 اور گلریز صفدر22رنز کے ساتھ نمایاں رہے، عمران خان نے 3 جبکہ عثمان خان، زوہیب خان اور ظفرگوہر نے 2،2 کھلاڑیوں کوپویلین چلتا کیا، حریف ٹیم نے 44.3 اوورز میں9 وکٹ پر198رنز بناکر میدان مارلیا، زوہیب خان42،شکیل انصار40 اور شاہد یوسف33رنز بنانے میں کامیاب رہے،تابش خان، جلات خان اور زاہد محمود نے2،2 وکٹیں اپنے نام کیں۔




حبیب بینک نے یوبی ایل کو94رنز سے زیر کیا، فاتح ٹیم نے اوپنرز کی نصف سنچریوں سے تقویت پاتے ہوئے 45 اوورز میں 4 وکٹ پر294 کا مجموعہ ترتیب دیا، عمران فرحت نے 87رنز بنانے کیلیے 78 گیندوں کا سامنا کیا، شان مسعود 50رنز بناکر پویلین لوٹے، یونس خان نے51 گیندوں پر48رنز بنائے، حسن رضا 44 پر ناٹ آئوٹ رہے، عادل رضا، آصف رضا، عاطف مقبول اور کاشف بھٹی نے ایک، ایک وکٹ لی، یوبی ایل کی ٹیم40.4 اوورز میں 200رنز پر حوصلہ ہارگئی،وجیہ الدین40، طارق ہارون39 اور سعد سوخیل32رنز کچھ مزاحمت کر پائے، سلمان قادر نے3 جبکہ عمر گل اور احسان عادل نے2،2 وکٹیں لیں۔ کے آر ایل نے پورٹ قاسم اتھارٹی کو3 وکٹ سے ہرایا، ناکام سائیڈ 133رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

شاہزیب حسن کے59رنز نمایاں رہے، یاسر علی نے 5 اور نیئر عباس نے 3 وکٹیں لیں، کے آر ایل نے ٹاپ آرڈر کی ناکامی کے باوجود ہدف 7 وکٹ پر حاصل کرلیا، علی خان نے 57 کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ ذوالفقار جان 32رنز بناکر میدان بدر ہوئے، محمد سمیع اور تابش نواب نے 2،2 پلیئرز کو آئوٹ کیا۔واپڈا نے نیشنل بینک کو 24رنز سے ہرایا، فاتح سائیڈ نے6 وکٹ پر250 رنز جوڑے، ایازتصور کے75 ناٹ آئوٹ اور عدنان رئیس کے 49 رنز اہم رہے، احمد جمال نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، این بی پی کی ٹیم 226 پر آئوٹ ہوگئی،عمر ولید58، عثمان قادر57 اور اوپنر سمیع اسلم 52 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، محمد حسیب نے4 جبکہ اظہر عطاری اور خالدعثمان نے 2،2 وکٹیں اپنے نام کیں۔
Load Next Story