سابق اولمپئنز نے پی ایچ ایف کے انتخابات کو فراڈ قرار دیدیا

صرف چہرے تبدیل کیے جا رہے ہیں، ہم نظام کی تبدیلی چاہتے ہیں، اصلاح و دیگر

جلد ہی وزیر اعظم سے ملاقات کرکے بے ضابطگیوں کی نشان دہی کرتے ہوئے حقائق سے آگاہ کیا جائے گا،فوٹو:فائل

HYDERABAD:
سابق اولمپئنز نے پی ایچ ایف کے انتخابات کو فراڈ قرار دیتے ہوئے کہاکہ صرف چہرے تبدیل کیے جا رہے ہیں، ہم نظام کی تبدیلی چاہتے ہیں۔

سابق قومی کپتان اصلاح الدین، سمیع اللہ،قمرضیا اورسمیر حسین نے ان خیالات کا اظہار ہفتے کو پریس کانفرنس میں کیا، سابق کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ آئندہ 4 سالہ مدت کیلیے فیڈریشن کے نئے عہدیداروں کے انتخاب سے قومی ہاکی میں کوئی بہتری نہیں آئے گی، نئے الیکشن سے فرق نہیں پڑنے والا، انھوں نے پی ایچ ایف کے معاملے پر اپنے موقف پر ڈے رہنے کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم قطعی طور پر ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹے،ہر حال میں ملک میں قومی کھیل کی بقا اور سلامتی کی جنگ لڑتے رہیں گے۔




انھوں نے کہا کہ ہاکی کے حوالے سے معاملہ بہت سنگین ہو چکا،اس ضمن میں جلد ہی وزیر اعظم سے ملاقات کرکے بے ضابطگیوں کی نشان دہی کرتے ہوئے حقائق سے آگاہ کیا جائے گا،اصلاح الدین نے کہا کہ پی ایچ ایف سے قومی کھیل کو نقصان پہنچ رہا ہے، سابق کھلاڑی ہاکی کو بچانے کیلیے اپنی جگہ پر کام کرتے ہوئے گراس روٹ پر ہاکی کو فروغ دینے کیلیے کوشاں ہیں، پیر سے محمد علی شاہ اکیڈمی میں شروع ہونے والا انٹر اسکول ہاکی ٹورنامنٹ پہلی کڑی ہے جس میں مقامی اسکولزکی 16 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں، نیا ٹیلنٹ تلاش کر کے باصلاحیت کھلاڑیوں کی تربیت کا اہتمام کیا جائیگا، پریس کانفرنس میں ڈاکٹر جنید علی شاہ اور گلفراز احمد خان بھی موجود تھے۔
Load Next Story