پی ایس اے اسکواش فرحان کا سفر کوارٹر فائنل میں تمام

ایرک نے3-1 سے مات دے دی، مصری کریم الفتی بھی سیمی فائنل میں پہنچ گئے

چوتھے گیم میں میکسیکن کھلاڑی نے ایک بار پھر اپنے برتری ثابت کی اور 11-6 سے فتح پاتے ہوئے . فوٹو: فائل

سسکاٹون اسکواش ٹورنامنٹ میں پاکستانی کھلاڑی فرحان زمان کوارٹرفائنل میں ہارگئے، میکسیکن حریف ایرک گلویز نے 3-1 سے کامیابی پاتے ہوئے سیمی فائنل میں رسائی پالی۔

تفصیلات کے مطابق کینیڈا کے شہر سسکاٹون میں جاری پی ایس اے سکواش ایونٹ کے فائنل ایٹ میچ میں ورلڈ نمبر 64 پاکستانی کھلاڑی کو پہلے گیم میں 11-9 سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، فرحان نے دوسرے گیم میں کم بیک کی کوشش کی مگر ایرک نے خسارے میں جانے کے باوجود آخری لمحات میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا، انھوں نے تیسرے میں 11-8 سے فتح سمیٹتے ہوئے 2-0 کی برتری حاصل کرلی۔ تیسرے گیم میں بھی دونوں کھلاڑیوں کے مابین سخت مقابلہ ہوا آخر کارقسمت نے فرحان کا ساتھ دیا اور وہ12-10 سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے خسارہ کم کرنے میں کامیاب رہے۔




چوتھے گیم میں میکسیکن کھلاڑی نے ایک بار پھر اپنے برتری ثابت کی اور 11-6 سے فتح پاتے ہوئے سیمی فائنل میں پہنچ گئے۔ تھرڈ سیڈ فرحان زمان کا سفر یہیں ختم ہوگیا۔ ٹورنامنٹ کے پہلے سیمی فائنل میں ایرک گلویز کا سامناسیکنڈ سیڈ کیوی مارٹن نائٹ سے ہوگا، وہ کوارٹر فائنل میں میزبان اینڈریو سنیچر کو 3-2 سے زیر کرنے میں کامیاب رہے۔ دوسرے سیمی فائنل میں ٹاپ سیڈ مصری کریم الفتی انگلینڈ کے میچل ہارس سے ٹکرائیں گے۔ فائنل ایٹ میں مصری کھلاڑی کینیڈین میتھیو سراڈیاک اور انگلش میچل فورتھ سیڈ میزبان ڈین شارپ کو زیر کرنے کے بعد فائنل فور میں پہنچے ہیں۔ 10 ہزار ڈالر انعامی رقم کے ایونٹ کا فائنل کل کھیلا جائیگا۔
Load Next Story