واٹر بورڈ میں ناغہ سسٹم نافذ روزانہ مختلف علاقوں کا پانی بند رہے گا

آج گلشن اقبال کا پانی بند رہے گا،4گھنٹے بجلی کی بندش کے باعث روزانہ مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی بند رہے گی

واجبات کا مسئلہ باہمی گفت و شنید سے حل ہوسکتا ہے اس کی سزا اس طرح شہریوں کو نہیں دینی چاہیے،ایم ڈی واٹربورڈ۔فوٹو: پی پی آئی /فائل

ادارہ فراہمی و نکاسی آب نے شہر میں پانی کا ناغہ نظام نافذ کر دیا ہے اور آج پیر کو گلشن اقبال کا پانی بند رہے گا۔

روزانہ مختلف علاقوں میں شیڈول کے مطابق پانی کی فراہمی بند رہے گی جس کا اعلان روزانہ کیاجائے گا، ایم ڈی واٹر بورڈ قطب الدین شیخ نے کے ای ایس سی کی جانب سے 5 روز سے واٹربورڈ کے پمپنگ اسٹیشن کی بجلی کی عدم فراہمی کے جارحانہ طرز عمل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ واجبات کا مسئلہ باہمی گفت و شنید سے حل ہوسکتا ہے اس کی سزاشہریوں کو نہیں دینی چاہیے،کے ای ایس سی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ شہر میں پانی کے بحران کا ذمے دار ادارہ فراہمی و نکاسی آب اور اس کی انتظامیہ ہے، کے ای ایس سی اب بھی واٹر بورڈ کے پمپنگ اسٹیشنوں کو بلاتعطل 20 گھنٹے کیلیے بجلی فراہم کررہی ہے، ادارہ فراہمی و نکاسی آب کے ترجمان نے کہا ہے کہ کے ای ایس سی کی جانب سے 4گھنٹے بجلی کی بندش کے باعث پانی کی فراہمی میں واضح کمی کی وجہ سے واٹر بورڈ نے شہر میں پانی کے ناغہ کا نظام نافذ کر دیا ہے لہٰذا 24نومبر آج سے گلشن اقبال میں پانی کی فراہمی مکمل طور پر بند رہے گی جس کیلیے واٹر بورڈ معذ رت خواہ ہے۔




روزانہ مختلف علاقوں میں شیڈول کے مطابق پانی کی فراہمی بند رہے گی جس کا اعلان روزانہ کیاجائے گا، علاوہ ازیں ایم ڈی ایم ڈی واٹر بورڈ قطب الدین شیخ نے کے ای ایس سی کی جانب سے 5 روز سے واٹربورڈ کے پمپنگ اسٹیشن کی بجلی کی عدم فراہمی کے جارحانہ طرز عمل پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ صوبائی وزیر بلدیات و اطلاعات شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں واجبات کے معاملے پر غور کیاگیا لیکن کے ای ایس سی انتظامیہ اپنی ہٹ دھرمی کے باعث واٹر بورڈ سے تعاون کر نے پر آمادہ نظر نہیں آتی، انھوں نے کہا کہ کے ای ایس سی کے اس منفی ا ور غیر حقیقت پسندانہ طرز عمل سے شہری پانی کی قلت سے دوچار ہیں، 5 دن میں70کروڑ گیلن پانی کم فراہم کیا جاسکا۔

انھوں نے کہا کہ واجبات کا مسئلہ باہمی گفت و شنید سے حل ہوسکتا ہے اس کی سزا اس طرح شہریوں کو نہیں دینی چاہیے، انھوں نے توقع ظاہر کی کہ کے ای ایس سی انتظامیہ حقائق کو مد نظر رکھے گی ، دریں اثنا کے ای ایس سی کے ترجمان نے کہا ہے کہ واٹر بورڈ انتظامیہ ہمیشہ کی طرح اپنی نااہلی کا ذمے دار کے ای ایس سی کو قرار دے رہی ہے، انھوں نے کہا کہ کے ای ایس سی اب بھی واٹر بورڈ کے پمپنگ اسٹیشنوں کو بلاتعطل 20 گھنٹے بجلی فراہم کررہی ہے، ترجمان نے کہا کہ واٹر بورڈ کی انتظامیہ نہ ہی واجبات کی ادائیگی کیلیے عدالتی حکم کو مانتی ہے اور نہ ہی اسے شہریوں کی پریشانی کا کوئی احساس ہے، ادارہ فراہمی و نکاسی آب جان بوجھ کر شہر میں بجلی کا بحران سنگین کررہا ہے۔
Load Next Story