شعیب نے کبھی بھی کھیلنے سے نہیں روکا ثانیہ مرزا

شاپنگ کا جنون کی حد تک شوق ہے، بنکاک میں سانپ کھانے کی کوشش کی

بریانی سے لے کر جاپانی ڈش سوشی تک کی دلدادہ ہوں،ٹینس اسٹار۔ فوٹو: فائل

بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کا کہنا ہے کہ شعیب ملک نے انھیں کبھی بھی کھیلنے سے نہیں روکا، وہ خود ایک کھلاڑی ہونے کے ناطے میری مجبوریاں سمجھتے ہیں۔

بریانی سے لے کر جاپانی ڈش سوشی تک کی دلدادہ ہوں، ایک بار بنکاک میں سانپ کھانے کی بھی کوشش کی، خود کھانا بنانا نہیں جانتی، جوتوں کا دیوانگی کی حد تک شوق ہے،کافی عرصہ بعد اس بار نیو ایئر نائٹ منائوں گی، ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپنے ایک انٹرویو میں کیا، ثانیہ مرزا کیلیے رواں سال کافی بہتر ثابت ہوا، اس میں انھوں نے 5 ڈبلز ٹائٹلز جیتے، اب وہ اپنے بھارتی شہر حیدرآباد کے تین منزلہ مکان میں آرام کررہی ہیں، ان دنوں ان کی فیملی نیو ایئر نائٹ منانے کی پلاننگ میں مصروف ہے۔



اس بارے میں ثانیہ مرزا کا کہنا ہے کہ میں نے کافی عرصے سے نیو ایئر نائٹ نہیں منائی مگر یہ سال میرا کافی بہترین رہا اس لیے تھوڑی تفریح تو میرا حق بنتی ہی ہے۔ ثانیہ مرزا کیریئر کے آغاز سے ہی مختلف تنازعات کا شکار رہیں، پاکستان کے سابق کپتان شعیب ملک کے ساتھ ان کی شادی پر بھی کافی اعتراضات ہوئے، ثانیہ کا کہنا ہے کامیاب لوگ عموماً ٹارگٹ ہوتے ہیں اس لیے اب میں نے محتاط رہنا سیکھ لیا ہے۔




ثانیہ مرزا کے گھر کا ایک کمرہ ان کو ملنے والے اعزازات، ٹرافیز وغیر ہ سے بھرا پڑا ہے جوکہ ان کے کامیاب کیریئر کا ایک ثبوت ہے، ان کا کہنا ہے کہ مجھ سے گھر میں کوئی الگ قسم کا برتائو نہیں کیا جاتا، میرے والدین نے مجھے کبھی بھی اپنے من کی بات کرنے سے نہیں روکا، انھوں نے اس بات کو یقینی بنایا کہ میں اپنے دوستوں اور فیملی کے ساتھ نارمل انداز میں زندگی بسرکروں۔



ثانیہ مرزا اور شعیب ملک کو ایک دوسرے سے ملاقات کیلیے خاص طور پر پلاننگ کرنا پڑتی ہے، ثانیہ کہتی ہیں کہ میں ہر غیرملکی دورے کے بعد کچھ دن اپنے دبئی والے گھر میں ٹھہرنے کی کوشش کرتی ہوں، شعیب نے کبھی مجھے کھیلنے سے نہیں روکا وہ خود بھی ایک کھلاڑی اور کھیل سے متعلق مجبوریوں کو سمجھتے ہیں۔



ٹینس اسٹار مختلف ممالک میں کھیل کے ساتھ سیرو تفریح کا شوق بھی پورا کرتی ہے، بریانی کے ساتھ اب وہ جاپانی ڈش سوشی کی بھی دیوانی ہوچکی ہیں، انھوں نے دعویٰ کیا کہ ایک بار بنکاک میں انھوں نے سانپ بھی کھانے کی کوشش کی۔ ثانیہ مرزا کے پاس جوتوں کے 300 جوڑے موجود جبکہ مزید ایک درجن ہیل والے شوز ان میں شامل ہونیوالے ہیں، ان کا کہناہے کہ جوتوں اور کپڑوں کی خریداری کا مجھے بہت زیادہ شوق ہے، ثانیہ کی حیدرآباد میں اکیڈمی بھی اچھی جارہی اور وہ دن میں دو مرتبہ وہاں جاتی ہیں ، پریکٹس کے ساتھ وہیں جم میں ایکسرسائز بھی کرتی ہیں، گھر واپسی پر اپنی روسی سفید بلی سے دل بھی بہلاتی ہیں۔
Load Next Story