دوسرا ون ڈے ڈیرن سیمی نے بھارتی خوش فہمی دور کردی

سنسنی خیز مقابلے میں ناقابل شکست 63 رنز جڑ کر ویسٹ انڈیز کو 2 وکٹ سے فتح دلائی

وشاکھا پٹنم:بھارت کیخلاف دوسرے ون ڈے میں ڈیرن سیمی گیند کو بائونڈری پار بھیجنے کیلیے تیار۔ فوٹو: بی سی سی آئی

دوسرے ون ڈے میں ڈیرن سیمی نے بھارتی خوش فہمی دور کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو 2 وکٹ سے فتح دلادی، مہمان ٹیم نے 289 رنز کا ہدف تین بالز قبل ہی حاصل کرکے سیریز 1-1 سے برابر کردی۔

سابق کپتان 63 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے، لینڈل سیمنز، کیرن پاول اور ڈیرن براوو نے بھی ففٹیز اسکور کیں، اس سے قبل بھارت نے 7 وکٹ پر 288 رنز بنائے، ویرت کوہلی 99 رنز پر آئوٹ ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق بھارت کا دوسرا میچ جیت کر سیریزاپنے نام کرنے کا منصوبہ دھرا رہ گیا، ویسٹ انڈیز نے 2 وکٹ سے فتح حاصل کرکے سیریز 1-1 سے برابر کردی ہے جس سے تیسرا میچ فائنل کی حیثیت اختیار کرگیا ہے۔ ویسٹ انڈیز کو فتح کیلیے 289 رنز کا ہدف ملا، تیسرے ہی اوور میںچارلس صرف12 رنز پر ساتھ چھوڑ گئے، تھوڑی دیر میں مارلون سیموئلز بھی 8 رنز کو کافی سمجھتے ہوئے شرما کی گیند پر دھونی کا کیچ بن گئے۔




ڈیرن براوو نے کیرن پاول کے ساتھ مل کر اسکور کو 123 پر پہنچایا اور خود 50 رنز کے ساتھ ایشون کی گیند پر کاٹ بی ہائنڈ ہوئے، کیرن بھی 59 رنز پر ایشون کی ہی گیند پر اسٹمپڈ ہوئے، کپتان ڈیوائن براوو کو 18 رنز پر بھونیشور کمار نے دھون کا کیچ بنایا، لینڈل سائمنز جڈیجا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہونے سے قبل 62 رنز بنانے میں کامیاب رہے، آخری لمحات میں ڈیرن سیمی نے اپنے اعصاب قابو میں رکھتے ہوئے ٹیم کو فتح دلادی، وہ 45 گیندوں پر 63 رنز بناکر ناقابل شکست رہے، ان کی اننگز 4 چھکوں اور اتنے ہی چوکوں پر مشتمل تھی۔ بھونیشور کمار، محمد شامی اور ایشون نے دو،دو وکٹیں لیں۔ اس سے پہلے بھارت نے 7 وکٹ پر 288 رنز بنائے، ویرت کوہلی 99 رنز پر روی رامپال کی گیند پر کیچ ہوگئے، کپتان دھونی 51 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔روی رامپال نے چار وکٹیں لیں۔
Load Next Story