مزید 7 اداروں سے بیلٹ پیپرز چھاپنے کی سفارش منظور

الیکشن کمیشن کا پرنٹنگ کارپوریشن کو ایک ارب روپے جاری کرنے کا فیصلہ

بیلٹ پیپرسیکیورٹی اداروں کی نگرانی میں متعلقہ علاقوں کو بھجوائے جائیں گے،ذرائع۔ فوٹو: فائل

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پرنٹنگ کارپوریشن کی جانب سے مزید 7 اداروں کو بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا کام دینے کی سفارش کو منظور کر لیا ہے۔

پرنٹنگ کارپوریشن آف پاکستان ، سیکیورٹی پرنٹنگ، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی، وزارت اطلاعات سروے آف پاکستان اور پاکستان پوسٹ آفس فاونڈیشن سمیت کل نو ادارے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا کام مکمل کریں گے ۔الیکشن کمیشن نے بیلٹ پیپرز کے کاغذ کی درآمد اور پرنٹنگ کے لیے پرنٹنگ کارپوریشن کو ایک ارب جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو رواں ہفتے کے دوران جاری کر دیے جائیں گے بلوچستان کے 70 لاکھ بیلٹ پیپرز کے لیے پرنٹنگ کارپوریشن کے پاس 11 مئی کے عام انتخابات کے لیے درآمد کیے گئے کاغذ کے اسٹاک سے ہی چھپائی شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ سندھ اور پنجاب کے لیے کاغذ درآمد کرنے کے بعد چھپائی شروع کی جائے گی ۔




الیکشن کمیشن اور پرنٹنگ کارپوریشن کے ساتھ ہونے والے اجلاس میں مزید 7 پرنٹنگ اداروں کی شمولیت کے بعد اب ایک روز میں ایک کروڑ بیس لاکھ بیلٹ پیپرز کی چھپائی کی استعداد پوری ہونے سے پنجاب اور سندھ میں 18 اور 30جنوری کو بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔ جبکہ آن لائن کے مطابق الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کیلیے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کے پلان کو حتمی شکل دے دی سیکورٹی اداروں کی نگرانی میں بیلٹ پیپرز سی ون تھرٹی کے ذریعے متعلقہ علاقوں کو بھجوائے جائیں گے سیکرٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد خان کی زیرصدارت اہم اجلاس میں پرنٹنگ کارپوریشن سیکورٹی کارپوریشن این ایل سی اور سروے اف پاکستان پریس کے حکام نے شرکت کی۔
Load Next Story