انڈر 19کرکٹ کراچی نے لاڑکانہ کا قصہ تمام کر دیا

ڈیرہ مراد جمالی،حیدر آباد کیخلاف 9وکٹ سے سرخرو ،فاٹا نے اسلام آباد کو 47 رنز سے اپ سیٹ شکست دی

فاتح ٹیم نے 6وکٹ پر 111رنز بنا کر اننگز ڈیکلیئرڈ کر دی۔ فوٹو : اے ایف پی / فائل

ریجنل/ڈپارٹمنٹل سہ روزہ انڈر 19کرکٹ ٹورنامنٹ میں کراچی نے لاڑکانہ کا 8وکٹ سے قصہ تمام کر دیا۔

ڈیرہ مراد جمالی کی ٹیم حیدر آباد کیخلاف 9وکٹ سے سرخرو ہوئی،فاٹا نے اسلام آباد کو 47 رنز سے قابو کر کے اپ سیٹ کیا، کے آر ایل نے پورٹ قاسم کو اننگز اور 107 سے شکست دی،لاہور راوی نے ایبٹ آبادکو اننگز اور 54رنزکی ہارکا شکار کر دیا،فرحان نذر اور آفتاب ازوار نے میچ میں9، 9 وکٹیں لیں، لاہور شالیمار نے کوئٹہ ریجن کو 4وکٹ سے زیر کیا، پشاور نے فیصل آباد کیخلاف 4 وکٹ سے فتح سمیٹی، فالوآن کا شکار ہونے والی ملتان کی ٹیم سیالکوٹ کے ہاتھوں شکست سے بچ نکلی، حافظ الیاس اور یوسف بابر نے نصف سنچریاں بنائیں،اسٹیٹ بینک اور زرعی بینک جبکہ راولپنڈی اور بہاولپور کا میچ کا ڈرا ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف مقامات پر جاری ایونٹ میں گذشتہ روز کراچی نے لاڑکانہ کیخلاف 8 وکٹ سے فتح سمیٹی، ناکام ٹیم دوسری اننگز میں 161پر ڈھیر ہو گئی، عبد الصمد3جبکہ فیض اللہ، مرزا ساجد2،2 وکٹیں لے اڑے، فاتح سائیڈ نے28رنز کا ہدف 2وکٹیں گنوا کر حاصل کر لیا۔ ڈیرہ مراد جمالی نے حیدر آباد کو 9وکٹ سے ٹھکانے لگایا، تیسرے روز107 پر ڈھیر ہونے والی ناکام سائیڈ حریف کو صرف 11رنز کا ہدف دے سکی، محمد آصف نے 4 اوراللہ یار نے 3وکٹیں حاصل کیں،فاتح ٹیم نے ایک نقصان پر ٹارگٹ عبور کر لیا۔ فاٹا نے اسلام آباد کو 47رنز سے اپ سیٹ شکست دی، فاتح ٹیم نے 6وکٹ پر 111رنز بنا کر اننگز ڈیکلیئرڈ کر دی۔




256 کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے اسلام آباد کی ٹیم 209پر ہمت ہار گئی، فرمان اللہ کے 92رنز کسی کام نہ آئے، کفایت اللہ کی 6وکٹیں فتح گر ثابت ہوئیں۔کے آر ایل نے پورٹ قاسم کو اننگز اور 107 رنز سے زیر کیا۔ پہلی اننگز میں 40پر ڈھیر ہونے والی ناکام ٹیم نے دوسری باری میں 196رنز بنائے، نقی رضا 4اور مدثر 3وکٹیں لے اڑے۔ لاہور کیخلاف ایبٹ آباد نے دوسری اننگز58رنز ایک وکٹ سے شروع کی مگر 115 پر سب آؤٹ ہو گئے، پہلی باری میں 269 رنز کے خسارے میں جانے والی ٹیم کو اننگز اور 54رنز کی خفت اٹھانا پڑی، فرحان نذر اور آفتاب ازوار نے5،5 وکٹوں کا بٹوارہ کیا۔

دونوں نے پہلی اننگز میں 4،4 شکار کیے تھے۔لاہور شالیمار نے ایک آسان ہدف مشکل بنانے کے بعد کوئٹہ کیخلاف 4 وکٹ سے کامیابی حاصل کی، 24پر 2وکٹیں گنوانے والی ٹیم نے بشیر حبیب کے ناقابل شکست 45رنز کی بدولت ہدف 6وکٹ پر حاصل کیا، زین اللہ 5شکار کر کے بھی اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔ پشاور ریجن نے فیصل آباد کو 4وکٹ سے شکست دی، میزبان نے 28رنز کا اضافہ کر کے آخری وکٹ بھی گنواتے ہوئے اپنی اننگز 108 پر تمام کی، فاتح ٹیم نے ہدف 6 وکٹیں گنوا کر حاصل کرلیا، نقیب خان 33پر ناقابل شکست رہے، حبیب الرحمان کی 3وکٹیں بے کار گئیں۔ ایک غیر فیصلہ کن میچ میں پہلی اننگز میں 84رنز پر ڈھیر ہو کر فالوآن کا شکار ہونے والی ملتان کی ٹیم نے شکست ٹال دی، ایک وکٹ پر 171رنز سے آغاز کرنے والی ٹیم نے 363 کا مجموعہ تشکیل دیا۔

157 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے کیلیے سیالکوٹ کے پاس وقت ہی نہ تھا، حافظ الیاس اور یوسف بابر نے82،82 رنز اسکور کیے۔ایک اور ڈرا مقابلے میں اسٹیٹ بینک نے پہلی باری میں 54 رنز کی برتری لی، ٹیم نے دوسری باری8وکٹ پر 263 رنز بنا کر ڈکلیئرڈ کردی، خالد خلیل92 اورمحمد نعیم 58 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، میر واعظ نے 5پلیئرز کو پویلین بھیجا۔ جواب میں زرعی بینک کی ٹیم نے7وکٹ پر 195رنز بنائے، اسد قیصر 48کے ساتھ نمایاں رہے، دانیال راجپوت نے 4شکار کیے۔ راولپنڈی کیخلاف پہلی اننگز میں 132 تک محدود رہنے والی بہاولپور ریجن کی ٹیم نے دوسری باری میں 5 وکٹ پر 198بناکر میچ ڈرا کردیا، احمد جبار 77اور ذیشان اکرم 53 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
Load Next Story