پی ایچ ایف کے انتخابات اختر رسول صدر منتخب ہو گئے

رانا مجاہد سیکریٹری ، سندھ سے واسع جلیل اور ثریا اللہ دین کا بطور نائب صدور انتخاب

کھلاڑیوں کے انتخاب کیلیے سلیکشن کمیٹی کو دوبارہ بحال کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا. فوٹو : فائل

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے الیکشن میں اختر رسول صدر، رانا مجاہد سیکریٹری جنرل اور شاہد علی خان خزانچی منتخب ہوگئے، بلوچستان سے نوابزادہ لشکری رئیسانی، خیبرپختونخوا سے محمد سعید خان، سندھ سے واسع جلیل اور ثریا اللہ دین کا بطور نائب صدور انتخاب ہوا۔ اسلام آباد میں ہونے والے انتخابی عمل میں اضلاع ، ڈپارٹمنٹس، چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اوراسلام آباد سے نمائندوں نے شرکت کی۔

واضح رہے کہ کسی اور کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع نہ کرنے کے سبب ان افراد کا تقرر یقینی تھا۔ اس موقع پر رانا مجاہد نے کہاہے کہ ملک میں ہاکی کی بحالی کیلیے گراس روٹ سطح پر توجہ دی جائے گی، مستقبل میں ہونے والے ایونٹس کے انعقاد کیلیے ایک جامع منصوبہ تیار ہے جسے اگلے ماہ تک حتمی شکل دیدی جائیگی۔ اختر رسول کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہاکی کو پروان چڑھانے کیلیے ملک میں ہر سال 10 آل پاکستان ٹورنامنٹ کرائے جائیں گے، علاوہ ازیں انٹرڈپارٹمنٹ لیگ اور انٹرریجن چیمپئن شپ کا انعقاد بھی کریں گے۔ انھوں نے کہاکہ ہم نے فیصلہ کیاکہ آئندہ مختلف ایونٹس میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں، آفیشلز،ٹیکنیکل آفیشلزاور امپائرز کو الائونسز کی ادائیگی ڈالرز کے بجائے روپوںمیں کی جائے گی، بیرون ممالک کے دورے پر رہائش کے اخراجات ڈالرز ہی میں ادا کیے جائیں گے۔




ہاکی فیڈریشن کے نو منتخب صدر اختر رسول نے فیصلہ کیاکہ کھلاڑیوں کے انتخاب کیلیے سلیکشن کمیٹی کو دوبارہ بحال کیا جائے گا جو دسمبر کے بعد تشکیل دی جائے گی ۔ انھوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کی پرفارمنس پر سلیکشن کمیٹی اور ٹیم مینجمنٹ کے بجائے صرف کوچ جوابدہ ہوگا ، ہم صرف اسی شخص کو قومی ٹیم کا کوچ مقرر کریں گے جو اہداف حاصل کرے، جو ذمہ داری نہیں لینا چاہتا اسے عہدہ نہیں سونپا جائے گا۔ ایک سوال پر رانا مجاہد نے کہا کہ ملائشیا سمیت 14غیر ملکی ٹیموں کو پاکستان آکر کھیلنے کی دعوت دی ہے، امید ہے کہ مستقبل میں پاکستان میں انٹرنیشنل ہاکی بحال ہوجائے گی۔ اختر رسول نے کہا کہ ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے ملک میں اس کی بحالی کے ٹارگٹ کو حکومت اور اسپورٹس حلقوں کی معاونت سے حاصل کریں گے، ملک میں ہاکی اس وقت تک پروان نہیں چڑھ سکتی جب تک گراس روٹ لیول پر ٹورنامنٹس کا انعقاد نہیں کیا جاتا۔
Load Next Story