بورڈ ملازمین کو واپسی کے پروانے تھماتے رہنے کا فیصلہ

پی سی بی کی عبوری انتظامی کمیٹی نے ایک بار پھر چیئرمین کو کھلی چھٹی دے دی

کرکٹ معاملات پر نظر رکھنے کی ذمہ داری ظہیرعباس اورہارون رشید کے سپرد۔ فوٹو: فائل

پی سی بی ملازمین کو واپسی کے پروانے تھمائے جاتے رہیں گے، عبوری انتظامی کمیٹی نے ایک بار پھر چیئرمین کو فیصلوں کی کھلی چھٹی دیدی،کرکٹ کے معاملات پر نظر رکھنے کی ذمہ داری سابق ٹیسٹ کرکٹرز ظہیر عباس اور ہارون رشید کو مل گئی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی عبوری انتظامی کمیٹی کا اجلاس گذشتہ روز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوا۔چیئرمین نجم سیٹھی، ارکان ظہیر عباس، ہارون رشید، شہر یار خان، نوید اکرم چیمہ، پی سی بی کے چیف آپریٹنگ سبحان احمد، قانونی مشیر تفضل رضوی اور سیکریٹری سلمان نصیر شریک ہوئے۔ میٹنگ میں بتایا گیاکہ اکتوبر میں 21ملازمین کے کنٹریکٹ میں توسیع نہیں کی گئی، ارکان نے گذشتہ فیصلے کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ نجم سیٹھی ہی طے کرینگے کہ نومبر کے بعد مزید کتنے افراد کے معاہدوں میں توسیع نہ کی جائے۔




دوسری طرف یہ فیصلہ بھی کیاگیا کہ سابق ٹیسٹ کرکٹرز ظہیر عباس اور ہارون رشید کرکٹ کے معاملات پر نظر رکھتے ہوئے چیئرمین کو تجاویز دینگے۔ ارکان کو ریجنز میں عبوری کمیٹیز تحلیل کیے جانے کے حوالے سے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا گیا کہ معاملات کی باگ ڈور پی سی بی نے سنبھال لی ہے، مختلف ریجنز میں انتخابات کا سلسلہ بھی شروع کردیا گیا۔ تفضل رضوی نے ارکان کو پی سی بی کے عدالتوں میں مقدمات کی تفصیل فراہم کرتے ہوئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں جاری کیس کی دسمبر کے دوسرے ہفتے میں سماعت کے بارے میں آگاہ کیا۔ اس موقع پر دورئہ جنوبی افریقہ اور اس سے حاصل ہونے والے مالی فائدے اورڈومیسٹک سیزن کے کمرشل رائٹس کے حوالے سے معلومات دی گئیں۔
Load Next Story