آسٹریلیا نے انگلینڈ کی ’سیز فائر‘ کے لیے پیشکش رد کردی

جیمز اینڈرسن نے جارج بیلی کا منہ توڑنے کی دھمکی دی تھی، شین وارن کا دعویٰ

کرکٹ آسٹریلیا کے سخت قوانین بھی کھلاڑیوں کو لگام دینے میں دھرے رہ گئے۔ فوٹو: کرک انفو/فائل

آسٹریلیا نے انگلینڈ کی جانب سے 'سیز فائر' کیلیے پیشکش رد کردی، کوچ ڈیرن لی مین کا کہنا ہے کہ انگلش ہم منصب اینڈی فلاور اپنی ٹیم کی فکر کریں ، ہمیں ہر حال میں ایشز جیتنی ہے۔

ادھر سابق کرکٹر اور موجودہ کمنٹیٹر شین وارن نے دعویٰ کیاکہ جیمز اینڈرسن نے جارج بیلی کا منہ توڑنے کی دھمکی دی تھی، جرمانہ صرف کلارک پر کیوں کیا گیا؟، دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیا کے سخت قوانین بھی پلیئرز کو لگام دینے میں دھرے رہ گئے، ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی کھلاڑی باز نہیں آتے۔ تفصیلات کے مطابق برسبین میں پہلے ایشز ٹیسٹ کا اختتام انتہائی متنازع انداز میں ہوا جب آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک کو انگلش ٹیل اینڈر جیمز اینڈرسن کو دھمکاتے ہوئے سنا گیا، بعد میں کلارک پر آئی سی سی نے 3 ہزار ڈالر جرمانہ بھی کیا، پورے میچ کے دوران ہی دونوں جانب کے کھلاڑیوں میں لفظی جنگ چھڑی رہی، جس کا انجام انگلش پلیئر جوناتھن ٹروٹ کے اعصابی دباؤ کا شکار ہوکر وطن واپسی کی صورت میں نکلا، اب مہمان کوچ اینڈی فلاور اس جنگ کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش کرتے دکھائی دیے۔




انھوں نے آسٹریلوی ہم منصب ڈیرن لی مین سے مل کر فقرے بازی کی کوئی حد مقرر کرنے کی تجویز دی جسے آسٹریلیا کے کوچ نے رد کردیا،لی مین کاکہنا ہے کہ ہم اپنے اسٹائل کی کرکٹ کھیلتے ہیں، اینڈی فلاور اپنی ٹیم کی فکر کریں، میں اپنی سائیڈ کو دیکھوں گا، ویسے بھی ہمارا مقصد صرف ایک اور وہ ایشز ٹرافی واپس لانا ہے۔ ادھر چینل نائن کی کمنٹری ٹیم میں شامل شین وارن کا کہنا ہے کہ میں نے خود اسٹمپ مائیکرو فون پر انگلش ٹیل اینڈر جیمز اینڈرسن کو قریب میں موجود فیلڈر جارج بیلی کے منہ پر پنچ رسید کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے سنا،اس پر غصے میں آکر کلارک آگے بڑھے مگر سزا صرف آسٹریلوی کپتان کو ہی ہوئی۔ واضح رہے کہ کرکٹ آسٹریلیا نے کھلاڑیوں کو تہذیب کے دائرے میں رکھنے کے لیے سخت قوانین بنائے ہوئے ہیں، مگر اس کے باوجود ڈومیسٹک سطح پر بھی ایک دوسرے پر فقرے بازی اور امپائرز کے فیصلوں کی مخالفت کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔
Load Next Story