ہاکی کا فروغ گراس روٹ لیول پر اقدامات کرینگے اختر رسول

کالجزمیں کوٹہ سسٹم کی بحالی، پلیئرز کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ممکن بنائیں گے

سابق کھلاڑی اور ہم ایک خاندان کی طرح ہیں، ناراض افراد کو راضی کرلوں گا، صدر۔ فوٹو: فائل

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے نو منتخب صدر اختر رسول کا کہنا ہے کہ قومی کھیل کو دوبارہ عروج پر لانے کیلیے ہرممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

تعلیمی اداروں میں کوٹہ سسٹم کی بحالی اور نچلی سطح پر کھلاڑیوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ممکن بنائیں گے۔ نمائندہ ''ایکسپریس'' سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ پی ایچ ایف کا صدر بننا اعزاز کی بات ہے، میری کوشش ہوگی کہ پاکستان ہاکی کو دوبارہ عروج پر لے جائوں، اس کیلیے کالجز میں کھیل کا 10 فیصد کوٹہ بحال کرانے کی کوشش کروں گا۔ انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کھیلوں کے مسائل کو سمجھتے ہیں، شہباز شریف نے بھی جوہر ٹائون لاہور میں اسٹیڈیم کی تعمیر سمیت ہاکی کے فروغ کیلیے متعدد اقدامات کیے ہیں، اسی طرح دیگر صوبوں کے وزرا اعلیٰ سے ملاقات کر کے انھیں کالجز میں ہاکی کا کوٹہ بحال کرنے پر راضی کروں گا۔ انھوں نے کہاکہ ڈومیسٹک اسٹرکچر کو بہتر بنانا سب سے پہلی ترجیح ہوگی، یہ وہ شعبہ ہے جس میں بہتری لاتے ہوئے مستقبل میں اچھے نتائج کی امید رکھی جا سکتی ہے ۔




اختر رسول نے کہا کہ سابق کھلاڑی اور ہم ایک خاندان کی طرح ہیں، فیملی کے بعض ارکان ناراض ہیں انھیں راضی کرلوں گا۔ انھوں نے کہاکہ فیڈریشن کوشہباز احمد سینئر، حسن سردار، شہناز شیخ اور اصلاح الدین کی معاونت چاہیے، ان عظیم کھلاڑیوں نے ماضی میں ملک کے وقار کو بلند کیا،امید ہے کہ اب بھی کھیل کی بہتری کیلیے ساتھ دینے پر راضی ہو جائیں گے ۔ انھوں نے کہا کہ ہاکی کے سنہری دور کی واپسی کیلیے قومی اور پرائیویٹ اداروں کو بھی کردار ادا کرنا ہوگا،اگر کھلاڑیوں کو روز گار ملے گا تو وہ صرف اور صرف کھیل پر توجہ دیں گے ۔ اختر رسول نے کہا کہ فیڈریشن کے سابق صدر قاسم ضیا اور سیکیرٹری آصف باجوہ نے ہاکی کے لیے گراں قدر خدمات سر انجام دیں، ہاکی ہمارے خون میں شامل ہیں جس طرح مچھلی پانی کے بغیر نہیں رہ سکتی اس طرح ہاکی کے کھلاڑی کھیل کے بغیر کچھ نہیں ہیں۔
Load Next Story