کراچی پولیس و رینجرز کے ہر گھنٹے میں 32 چھاپے ریکارڈقائم

5 ستمبر سے اب تک83دنوں میں مجرموں کے خلاف روزانہ 768کارروائیاں کی گئیں؟

اعلیٰ حکام نے وزیراعظم نوازشریف کوکراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران 5 ستمبر سے اب تک کے جواعداد وشمار پیش کیے ہیں۔ فوٹو فائل

کراچی پولیس اورقانون نافذ کرنے والے اداروں نے ٹارگٹڈ آپریشن کے 83 دنوں کے درمیان ہر گھنٹے میں 32 چھاپے مارکر ریکارڈ قائم کردیا ہے۔

تاہم تابڑتوڑ چھاپوں کے باوجود شہریوں کے لیے کراچی میں مستقل امن ایک خواب بن کر رہ گیا ہے۔قانون نافذ کرنے والے اداروں کی حالیہ کارگردگی کے باوجود ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کا سلسلہ جاری ہے اور لیاری کے حالات بھی بدستور خراب ہیں جبکہ اسٹریٹ کرائمز کا گراف بھی بڑھ گیا ہے۔ منگل کوگورنرہاؤس میں امن وامان کے حوالے سے اجلاس میں سندھ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ حکام نے وزیراعظم نوازشریف کوکراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران 5 ستمبر سے اب تک کے جواعداد وشمار پیش کیے ہیں۔




ان کے مطابق ستمبر سے اب تک آپریشن کے 83 دنوں میں کراچی پولیس اورقانون نافذ کرنے والے اداروں نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف 63745 چھاپے مارے۔ اگر ان اعداد وشمارکاجائزہ کیا جائے تو اس کا مطلب ہے کہ ہر دن کے 24 گھنٹے میں768 چھاپے اور ہر گھنٹے میں32 چھاپے مارے گئے۔ ایک گھنٹے میں 60منٹ ہوتے ہیں اور ہر گھنٹے کے 2 منٹ میں ایک چھاپہ مارا گیا ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر اتنی بڑی تعداد میں چھاپے مارے گئے تو اب تک تو کراچی امن کی جنت بن چکا ہوتا لگتاہے کہ حکام نے وزیراعظم کو اپنی کارکردگی کچھ زیادہ ہی دیکھا دی ہے۔
Load Next Story