طارق روڈ دکان سے ملزمان لاکھوں کے زیورات لوٹ کر فرار

کیمروں کی فوٹیج ہمراہ لے گئے،ملزمان2 روز قبل دکان پر گاہک بن کر آئے تھے

مالک نقصان کا تخمینہ لگا کر درخواست دیگا جس کے بعد مقدمہ درج کیا جائیگا ۔ فوٹو : ساجد رؤف / ایکسپریس

KARACHI:
طارق روڈ پر جیولرز کی دکان سے3 ملزمان لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات لوٹ کر فرار ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق فیروز آباد کے علاقے طارق روڈ پر لبرٹی چوک کے قریب اسٹار مارکیٹ میں واقع دربار جیولرز شاپ میں بدھ کی سہ پہر 3 بجے3 ملزمان داخل ہو ئے اور اسلحے کے زور پر لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات لوٹ کر دکان میں نصب خفیہ سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی اپنے ساتھ لے کر فرار ہو گئے، ڈکیتی کی اطلاع ملتے ہی فیروز آباد پولیس موقع پر پہنچ گئی۔




ایس ایچ او فیروز آباد صفدر مشوانی نے بتایا کہ دکان کے مالک سلیم نے اپنے بیان میں کہا کہ ملزمان2 روز قبل بھی دکان پر گاہک کے روپ میں آئے تھے اور زیورات پسند کرنے کے بعد چلے گئے تھے، بدھ کو وہ زیورات لینے کے لیے آئے تو اسلحہ نکال لیا، دکان کا مالک نقصان کا تخمینہ لگانے کے بعد پولیس کو درخواست دے گا جس کے بعد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا جائے گا، ذرائع نے بتایا کہ ملزمان 8 تولہ سونے کے طلائی زیورات لوٹ کر لے گئے ہیں واردات میں ملوث 2 ملزمان شلوار قمیض اور ایک پینٹ شرٹ پہنے ہوئے تھا۔
Load Next Story