اوگرا کاپٹرول وڈیزل قیمتوں کے تعین میں ہاتھ نہیںچیئرمین

غیرمعیاری سی این جی سلنڈرزکیخلاف مہم چلائی جائے،ایس جی ایس سمٹ کے بعدگفتگو

امریکی ڈالر کی نسبت پاکستانی روپے کی قدر میں اتارچڑھاؤ کے اثرات پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر مرتب ہوتے ہیں۔سعید خان۔فوٹو:فائل

امریکی ڈالر کی نسبت پاکستانی روپے کی قدر میں اتارچڑھاؤ کے اثرات پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر مرتب ہوتے ہیں، اوگرا صرف مٹی کے تیل کی قیمتوں کا تعین کرتی ہے جبکہ ڈیزل اور پٹرول کی قیمتوں کا تعین وفاقی وزارت خزانہ اور وزارت پٹرولیم کرتی ہیں۔

یہ بات چیئرمین اوگراسعید احمد خان نے ایس جی ایس پاکستان بین الاقوامی سمٹ ''ایسٹ انٹیگریٹی مینجمنٹ'' کے بعد صحافیوں سے گفتگومیں کہی۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس او اور پی پی ایل سمیت دیگر پٹرولیم اداروں کے درآمدی حجم اور کھپت کو مدنظر رکھتے ہوئے وزارت پٹرولیم وخزانہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا تعین کرتی ہیں لہٰذا یہ تاثر درست نہیں کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا تعین صرف اوگرا کے ہاتھ میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیرمعیاری سی این جی سلنڈر کی شکل میں چلتے پھرتے بموں کیخلاف صوبائی حکومتوں اور ٹریفک پولیس کومہم شروع کرنے کی ضرورت ہے۔




قبل ازیں سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے ایس جی ایس کے ایم ڈی اور کورنگی ایسوسی ایشن کے صدر سید فرخ مظہر نے لوگوں کی توجہ توانائی بحران کی جانب دلاتے ہوئے کہا کہ توانائی بحران سے نجات کیلیے متبادل توانائی کے ذرائع بروئے کار لائے جائیں۔ ایس جی ایس کے ڈائریکٹر آپریشن عبد الرزاق لاکھانی نے سمٹ کے اغراض و مقاصد بتاتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے قومی ترجیحات کی طرف پیش قدمی ہے جو انرجی کرائسس کو کم کرنے کے حوالے سے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ یہ سمٹ بیرونی سرمائے کو پاکستان میں لانے کیلیے مددگار ثابت ہوگا اور ملکی معیشت پر خوشگوار اثر پڑے گا۔ اس موقع پر ؤ ایس ایکسپرٹ پیٹرہنٹ، مہمان خصوصی ایس ایم منیر، امریکی سفیر مائیکل ڈوڈمین، سوئٹزرلینڈ کے سفیر کرسٹوفر بوب اور دیگر نے بھی خطاب کیا، پہلے دن سمٹ میں مختلف اداروں کے سربراہوں نے ملک کے موجودہ پاور ؤنٹس کی استعداد بڑھانے کے طریقہ کار اور میکنزم کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
Load Next Story