متحدہ دینی محاذ نے بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان کردیا

قیام امن کی خاطر ہر قسم کے تعاون کیلیے تیار ہیں، اورنگزیب فاروقی،مفتی عثمان یارخان

سعودی عرب میں انٹرنیشنل فقہ کانفرنس میں منظور کی جانے والی قرارداد کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔فوٹو:فائل

متحدہ دینی محاذ نے آئندہ بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کردیا۔

اس بات کا اعلان متحدہ دینی محاذ کے رہنما مولانا اورنگ زیب فاروقی اور مفتی محمد عثمان یار خان نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انھوں نے کہا کہ ہم اس ملک میں قیام امن کی خاطر ہر قسم کے تعاون کے لیے تیار ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ بدامنی کے خاتمے کے لیے تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام کو یکجا کرکے حکومت اس حوالے سے قانون سازی کرے اور ملکی معیشت کی بحالی، سالمیت اور قیام امن کے لیے تمام مذہبی جلوسوں پر پابندی عائد کی جائے۔




انھوں نے کہا کہ سعودی عرب میں انٹرنیشنل فقہ کانفرنس میں منظور کی جانے والی قرارداد کی مکمل حمایت کرتے ہیں جس میں دنیا بھر میں صحابہ کرام اور ازواج مطہرات کی شان میں گستاخی وتنقید پر پابندی کا مطالبہ کیا گیا ہے، انھوں کہا کہ متحدہ دینی محاذ بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی، انھوںنے سانحہ راولپنڈی کے خلاف بھرپور احتجاج پر عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ڈرون حملے پاکستان کی خودمختاری وسالمیت پر حملہ ہے اس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ چند روز قبل ہمارے جن 6کارکنوں کو ماوارئے عدالت قتل کیا گیا ہے ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں، ان کے قاتلوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے اور چیف جسٹس اس کا ازخود نوٹس لیں، اس موقع پر حافظ احمدعلی، مولانا مشتاق احمدعباسی، مولانا غلام مصطفی فاروقی، مولانا حضرت ولی ہزاروی، مولانا اقبال اﷲ، مولانا عبدالمجید پتافی، مولانا قاری عبدالحئی موجود تھے۔
Load Next Story