اسپیشل اولمپکس گیمز پاکستانی دستہ آسٹریلیا روانہ ہو گیا

21 خواتین سمیت 60 کھلاڑی اور 18 آفیشلز شامل، 9 کھیلوں میں شرکت کریں گے

پاکستان ان گیمز میں مردوں کے 7 اور خواتین کے5 کھیلوں میں شریک ہوگا۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

پہلے اسپیشل اولمپکس ایشیا پیسفک گیمز میں شرکت کے لیے پاکستان کا78 رکنی دستہ بدھ کی شب آسٹریلیا کے شہر نیو کیسل روانہ ہوگیا۔

7 روزہ گیمز یکم سے7 دسمبر تک شیڈول ہیں،اسپیشل اولمپکس پاکستان کے تحت روانہ ہونے والے دستے میں60کھلاڑی اور 18 آفیشلز شامل ہیں، انیس الرحمان چیف ڈی مشن جبکہ رونق لاکھانی ڈپٹی چیف ڈی مشن کے فرائض انجام دیں گی، ایشیائی پیسفک کے32ممالک کے2ہزار سے زائد ذہنی پسماندہ کھلاڑی اور600 سے زائدکوچز 9 کھیلوں میںشرکت کر رہے ہیں، ان میں سوئمنگ،ایتھلیٹکس،بیڈ منٹن، باسکٹ بال، بوچی، فٹبال، ٹیبل ٹینس،کرکٹ اورٹین پن بولنگ شامل ہیں،افتتاحی تقریب ہنٹر اسٹیڈیم میں ہوگی،ان گیمز کے دوران اسپیشل اولمپکس کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ماہرین پر مشتمل میڈیکل بورڈ کھلاڑیوں کے امراض کی تشخیص اور علاج بھی تجویز کرے گا۔




روانگی سے قبل ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیشل اولمپکس کے ترجمان خالد رحمانی نے بتایا کہ پاکستان ان گیمز میں مردوں کے 7 اور خواتین کے5 کھیلوں میں شریک ہوگا،39 مرد اور 21 خواتین پر مشتمل 60کھلاڑیوں کی ضروری تربیت کے بعد گیمز میں بہتر نتائج کی توقع ہے،انھوں نے کہا کہ پاکستان اس سے قبل بھی متعدد مرتبہ عالمی مقابلوں میں شرکت کر کے شاندارنتائج دے چکا ہے،قومی دستے میں 23 کھلاڑیوں کا تعلق اسلام آباد،19کا لاہور اور18 کا کراچی سے ہے،دستہ میں ایک ڈاکٹر بھی شامل ہے، روانگی کے موقع پر کھلاڑیوں اور آفیشلز کے عزیز و اقارب کی بڑی تعداد بھی کراچی کے قائد اعظم انٹرنیشنل ایئر پورٹ پرموجود تھی،واضح رہے کہ ملک بھر میں17 ہزارذہنی پسماندہ افراد اسپیشل اولمپکس پاکستان سے رجسٹرڈ ہیں۔
Load Next Story